مارک ووڈ کے آنے سے دوسرے ٹیسٹ میں فائدہ ہوگا، بین اسٹوکس
انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں فاسٹ باؤلر مارک ووڈ کے آنے سے اسپین کے سازگار پچ میں ٹیم کو مقابلے کرنے میں مدد ملے گی۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بین اسٹوکس نے کہا کہ لیام لیونگسٹن کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے مارک ووڈ بہتر اضافہ ہوں گے، جس سے انگلینڈ کی باؤلنگ میں مضبوطی آئے گی۔
بین اسٹوکس نے کہا کہ ایک ایسے کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنا جو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کرسکتا ہو وہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کے لیے بڑا بونس ہے اور خاص طور پر پاکستان جہاں آنا اور میچ جیتنا بڑا مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کا باصلاحیت کھلاڑی کے آنے سے ہماری 20 وکٹیں لینے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔
انگلینڈ کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر مارک ووڈ کا رواں برس مارچ کے بعد یہ پہلا ٹیسٹ ہوگا جبکہ راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں وہ انجری کے باعث وہ شرکت نہیں کرسکے تھے۔
خیال رہے کہ انگلینڈ نے پنڈی ٹیسٹ میں بیٹنگ اور باؤلنگ میں شان دار کارکردگی دکھائی تھی اور پاکستان کو باآسانی 74 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی ہے۔
مہمان ٹیم ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں بھی اپنی کارکردگی جاری رکھنا چاہتی ہے جو جمعے کو (کل) شروع ہوگا۔
انگلینڈ کی ٹیم کے وکٹ کیپر اولی پوپ کو بین فاؤکس کی جگہ شامل کیا جائے گا، جو پہلے میچ میں طبیعت کی خرابی کے باعث شامل نہیں تھے۔
ملتان کی اسپین وکٹ کے لیے انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ اور ول جیکس مرکزی کھلاڑی ہوں گے جن کی جوڑی نے پہلے میچ میں پاکستان کی 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
بین اسٹوکس نے ملتان کی وکٹ کے حوالے سے کہا کہ یہ پچ خشک ہے اور راولپنڈی کے مقابلے میں مزید مرطوب ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ میچ کے شروع میں ریورس سوئنگ ملے۔
انگلینڈ کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں واپسی کے لیے اس میچ میں سخت مقابلہ متوقع ہے لیکن ہماری ٹیم کی حکمت عملی میں تبدیلی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے پانچوں دنوں کے لیے ہمارا رویہ ویسا ہی ہے اور امید ہے کہ ہم یہاں سے 0-2 کی برتری کے ساتھ واپس جاسکیں گے۔
دوسری جانب پاکستان کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ امید ہے کہ ملتان کی وکٹ میں اسپنرز کو مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وکٹ میں اسپن اور ریورس سوئنگ کا موقع ملے گا لیکن میچ میں کامیابی کے لیے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔
پاکستان کو فاسٹ باؤلر حارث رؤف کے دوسرے میچ سے باہر ہونے کے بعد ان کی جگہ فہیم اشرف یا محمد وسیم جونیئر کو شامل کرنے کا فیصلہ کرنا ہے۔