پاکستان

ڈاکٹر سیف الرحمٰن کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر تعینات

متعلقہ اتھارٹی کی منظوری کے بعد کراچی کا نیا ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا گیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، نوٹیفکیشن
|

حکومت سندھ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما مرتضیٰ وہاب کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے اعلیٰ سرکاری افسر ڈاکٹر سیف الرحمٰن کو کراچی کا نیا ایڈمنسٹریٹر تعینات کردیا۔

حکومت سندھ کے محکمہ بلدیات کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’سندھ بلدیاتی حکومت ایکٹ 2013 کی دفعہ 12 (3) کے تحت متعلقہ اتھارٹی کی توثیق اور مرتضیٰ وہاب کے استعفے کی منظوری پر گریڈ 20 کے افسر ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن کو کراچی میٹروپولیٹین کارپوریشن (کے ایم سی) کا ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا گیا ہے‘۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ڈاکٹر سیف الرحمٰن اس وقت بلدیاتی حکومت اور محکمہ ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ میں تعینات ہیں۔

حکومت سندھ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

قبل ازیں صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا تھا کہ کراچی کا اگلا ایڈمنسٹریٹر متحدہ قومی مومنٹ (پاکستان) سے مشاورت کے بعد ہی تعینات کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کے خدشات کی بنیاد پر صوبائی لوکل گورنمنٹ کے قانون میں ترمیم اس بات کو یقینی بنائے گی کہ صوبے کے منتخب میئر اور میونسپل ایجنسیوں کے چیئرمین کو اپنے علاقے کے شہری معاملات سنبھالنے کے لیے اختیارات حاصل ہوں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’مرتضیٰ وہاب کی جگہ کراچی کا نیا ایڈمنسٹریٹر منتخب کرنے کے لیے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے یقینی طور پر مشاورت کی جائے گی۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ کراچی کے اگلے میئر یا ایڈمنسٹریٹر کا عہدہ جس کے پاس بھی ہوگا اسے شہر کے لوگوں کے لیے کام کرنا ہے۔

یاد رہے کہ 26 ستمبر کو سندھ ہائی کورٹ میں کے ایم سی ٹیکس وصولی کے حوالے سے سماعت کے بعد مرتضیٰ وہاب نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مرتضیٰ وہاب نے اپنا استعفیٰ منظوری کے لیے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ارسال کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں ذاتی وجوہات کی بنا پر کے ایم سی کے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر خدمات مزید جاری نہیں رکھ پاؤں گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں ایڈمنسٹریٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں اور برائے مہربانی مجھے ڈی نوٹیفائی کرنے کے لیے لوکل گورنمنٹ کے محکمے کو ہدایت جاری کریں۔

بعد ازاں یکم اکتوبر کو ترجمان حکومت سندھ اور مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر کے عہدے سے ذاتی حیثیت میں استعفی دیا تھا، تاہم پارٹی قیادت نے مسترد کردیا اور شہر کی بہتری کے لیے کام کرتا رہوں گا۔

کراچی کے فریئر پارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ پارٹی قیادت نے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، جب تک ایڈمنسٹریٹر ہوں شہر کی ترقی و بہتری کے لیے کام کرتا رہوں گا۔

سیلاب متاثرین کیلئےرہائشی یونٹس کاافتتاح، وزیراعظم کی کاروباری حضرات سے مزید گھر تعمیر کرنے کی درخواست

چاہتی ہوں، بہو اور میرے خلاف غلط باتیں نہ کی جائیں، صبا فیصل

کراچی: مقررہ وقت کے علاوہ ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی پر عملدرآمد کا حکم