پاکستان

اسد قیصر کی مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے سے ملاقات، عشائیے میں شرکت

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سابق اسپیکر قومی اسمبلی کے دورے کا یزمان کی مستقبل کی سیاسی صف بندی سے تعلق ہو سکتا ہے، سیاسی مبصرین

پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بہاولپور میں مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے خالد ججہ کے ساتھ یزمان میں واقع ان کے فارم ہاؤس پر ملاقات کی اور عشائیے میں شرکت کی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق خالد ججہ کی جانب سے اسد قیصر کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر سعود ماجد چوہدری بھی موجود تھے جنہیں شریف خاندان کا قریبی شخص سمجھا جاتا ہے۔

بڑی سیاسی پیش رفت پر رد عمل اور ملاقات کی تفصیل جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تو سعود چوہدری اور خالد ججہ دونوں ڈان کے نمائندے کی فون کالز کا جواب نہیں دیا۔

سعود ماجد چوہدری کے ساتھی نے تصدیق کی کہ سابق سینیٹر نے عشائیے میں شرکت کی لیکن اصرار کیا کہ ملاقات کے دوران کسی سیاسی معاملے پر بات نہیں ہوئی۔

ان کے مطابق یہ دوستوں کی ملاقات کی تھی، سعود چوہدری کی مسلم لیگ (ن) سے گہری اور پرانی وابستگی ہے اور وہ پارٹی کو چھوڑ نہیں سکتے۔

ڈان کو موصول اطلاعات کے مطابق خالد ججہ نے خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ سے کچھ نامور افراد کو تحصیل یزمان میں واقع اپنے آبائی گاؤں مدعو کیا جہاں دیگر افراد کے ساتھ اسد قیصر بھی آئے اور رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے چولستان کے بڑے صحرائی علاقے میں سیر و تفریح کی اور پورا دن ساتھ وقت گزارا۔

مقامی سیاست پر نظر رکھنے والے سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ اسد قیصر کے دورے کا یزمان کی مستقبل کی سیاسی صف بندی سے کوئی تعلق ہو سکتا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے معتمد خاص طارق بشیر چیمہ ضلع یزمان کی سیاست میں سعود چوہدری کے سخت سیاسی حریف ہیں جب کہ طارق بشیر چیمہ آج کل نہ صرف وفاقی کابینہ کے رکن ہیں بلکہ وزیراعظم شہباز شریف کے بھی کافی قریب سمجھے جاتے ہیں۔

مقامی سیاسی حلقوں کے مطابق طارق بشیر چیمہ اپنے بیٹے ولی داد کو آئندہ انتخابات میں یزمان سے ملکی سیاست کے میدان میں متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق مستقبل کی سیاست کا یہ منظر نامہ طارق بشیر چیمہ کے حریفوں کے لیے پریشان کن ہے جن میں سعود ماجد چوہدری اور خالد ججہ بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنی عوامی رابطہ مہم کو بھی تیز کر دیا ہے۔

طورخم بارڈر کراسنگ پر سامان سے لدا کنٹینر گرنے سے 2 راہ گیر جاں بحق

پہلا ٹیسٹ: چوتھے روز کا کھیل ختم، پاکستان کے 80 پر 2 آؤٹ، جیت کیلئے مزید 263 رنز درکار

ممبئی: معروف بھارتی گلوکار جوبن نوتیال سیڑھیوں سے گرکر شدید زخمی