17 سال بعد پاکستان آنے پر خوش ہوں، بابراعظم کی وکٹ اہم ہے، جیمز اینڈرسن
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن نے 17 برس بعد پاکستان کے دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بیٹنگ مضبوط ہے لیکن ہم یہاں جیت کے لیے آئے ہیں، اسی لیے کسی ایک کھلاڑی کو ہدف نہیں بنایا تاہم بابر اعظم کی وکٹ اہم ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے جیمز اینڈرسن نے کہا کہ پاکستان میں شان دار استقبال کیا گیا اور اس سیریز کے لیے تمام کھلاڑی پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے سیریز جیتنے کے لیے آئے ہیں، جارحانہ کرکٹ کھیلنے اور پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کریں گے۔
جیمز اینڈرسن کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ اور پچ کے مطابق حکمت عملی بنائیں گے، یہاں کی کنڈیشنز مختلف ہیں، ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں، بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دبئی میں ٹریننگ کے دوران پرانی گیند سے باؤلنگ کروا کر پریکٹس کی ہے، پاکستان میں مختلف اور چیلنجنگ کنڈیشنز میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔
ٹیم کے سینئر کھلاڑی کی حیثیت سے ذمہ داریوں کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی کنڈیشنز میں باؤلنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں، کوشش ہوتی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں سے اپنا تجربہ شیئر کروں اور ایک دوسرے سے سیکھتے ہیں۔
ایک سوال پر انگلش باؤلر نے کہا کہ کبھی اپنے لیے ہدف متعین نہیں کیا، کرکٹ انجوائے کرتا ہوں، جب تک فٹ ہوں کھیلتا رہوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بین اسٹوکس کے کپتان اور برینڈن مک کولم کے کوچ بننے کے بعد روایت سے ہٹ کر سوچنے کا موقع ملا ہے۔
جیمز اینڈرسن نے کہا کہ پاکستان میں ہمارا بھرپور استقبال کیا گیا، جس کے لیے پوری ٹیم کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور ہم جانتے ہیں پاکستان میں کرکٹ کے شائقین کی بڑی تعداد ہے۔
پاکستانی ٹیم سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان تمام طرز کی ایک اچھی ٹیم ہے اور خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ اور پاکستان میں گزشتہ چند برسوں سے اچھا کھیلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک یا دو کھلاڑیوں پر نظر رکھنا خطرناک ہوگا کیونکہ ایک مضوط بیٹنگ لائن ہے تاہم بابراعظم ٹیم کا کپتان ہے اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے تو بالکل ہم اس کی طرف توجہ دیں گے اور اس کے ساتھ دوسروں پر بھی نظر رکھنی ہوگی۔
فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ہم یہاں جیتنے کے لیے آئے ہیں اس لیے تمام کھلاڑیوں کو دیکھیں گے تاکہ اپنی جیت یقینی بنائیں۔
پاکستانی باؤلنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس نوجوان باؤلرز ہیں جو زبردست کارکردگی دکھا رہے ہیں لیکن ہم کوشش کریں گے کہ ان پر دباؤ رکھیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، جس کے بعد بقیہ دو میچز ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔