دنیا

بھارت: شوہر کا قتل کرکے لاش کے 10 ٹکڑے فریج میں رکھنے والی بیوی، بیٹا گرفتار

پہلے مشروب پلایا، مدہوش ہونے پر قتل کیا، اب تک لاش کے 6 ٹکڑے برآمد کرچکے ہیں، پولیس

بھارت میں دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے مبینہ طور پر شوہر کو قتل کرنے کے بعد لاش کے 10 ٹکڑے کرکے فریج میں رکھنے والی بیوی اور اس کے بیٹے کو گرفتار کر لیا۔

این ڈی ٹی وی کے رپورٹ کے مطابق کرائم برانچ پولیس نے دہلی کے علاقے پاندیو نگر میں ایک خاتون کو بیٹے کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر اپنے شوہر کو قتل کرنے پر گرفتار کر لیا، قتل کرنے کے بعد لاش کے 10 ٹکڑے کرکے کئی دن تک فریج میں رکھا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ خاتون اور اس کے بیٹے نے سنگین جرم کا اعتراف کر لیا ہے، پولیس کے مطابق خاتون پونم نے بتایا کہ وہ یہ دیکھ کر فکر مند تھی کہ اس کے شوہر انجان داس نے ان کی جیولری فروخت کرکے اس کی رقم اپنی پہلی بیوی کو بھیج دی تھی، جو بھارتی ریاست بہار میں اپنے 8 بچوں کے ساتھ رہتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کے بعد دیپک کے ساتھ قتل کا منصوبہ بنایا، جو اس کے سابقہ شوہر کے بیٹے ہیں، جن کا انتقال 2017 میں کینسر کی وجہ سے ہوا تھا، جس کے بعد اس نے انجان داس کے ساتھ رہنا شروع کردیا، دیپک نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے منصوبے پر رضامندی ظاہر کی کیونکہ انجان داس اپنی بیوں کو ہراساں کرتے تھے۔

ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے جون میں انجان داس کو قتل کیا تھا، انہوں نے پہلے انہیں مشروب پلایا اور جب وہ مدہوش ہوگئے تو انہیں قتل کردیا، پولیس کے مطابق دونوں نے مبینہ طور پر ان کی لاش کے ٹکڑے کیے، پولیس نے بتایا کہ اب تک لاش کے 6 ٹکڑے برآمد کرچکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پولیس کو جون میں پاندیو نگر کے قریب سے انسانی اعضا ملے تھے جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم تحقیقات میں پیش رفت نہیں ہوسکی تھی کیونکہ لاش کے حصے گل گئے تھے۔

خیال رہے کہ یہ شردھا واکر قتل کیس سے مماثلت رکھتا ہے، جب 28 سالہ آفتاب پونا والا نے مبینہ طور پر اپنے ساتھ رہنے والی شردھا واکر کو قتل کرکے اس کے 35 ٹکڑے کردیے تھے، پھر انہیں جنوبی دہلی کے مہرولی جنگل میں پھینک دیا تھا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ رواں مہینے کے آغاز میں جب شردھا واکر قتل کی خوفناک تفصیلات سامنے آنا شروع ہو گئی تھیں، تو اس حوالے سے بھی تحقیقات کی گئی تھیں کہ کیا غیر شناخت شدہ لاش کے ٹکڑے ان کے تو نہیں تھے، لیکن بعد ازاں پتا چلا کہ وہ کسی آدمی کی لاش کے ٹکڑے تھے۔

رپورٹ کے مطابق تحقیقات کے دوران کرائم برانچ نے لاش کے ٹکڑے ملنے والے علاقے میں سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کو چیک کیا تھا، فوٹیج میں ظاہر ہوا تھا کہ خاتون اور ایک لڑکے نے متعدد راتوں تک علاقے کا دورہ کیا تھا، ویڈیو میں دیپک ایک بیگ کو اٹھا کر لے جارہا ہے جب کے پونم اس کے پیچھے جا رہی تھی۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے وسیع تحقیقات کیں، جس کے نتیجے میں پتا چلا کہ علاقے کے رہائشی انجان داس گزشتہ 6 مہینے سے لاپتا ہیں لیکن ان کے اہل خانہ نے پولیس کو کوئی شکایت درج نہیں کروائی تھی، جس کے بعد پونم اور دیپک سے سوالات پوچھے گئے، جس کے دوران انہوں نے اعتراف جرم کیا۔

غلاموں جیسا سلوک، وسیم اکرم کے الزامات پر سلیم ملک کا ردعمل

پاک-انگلینڈ ٹیسٹ سیریز: قومی ٹیم کو تجربہ کار کھلاڑیوں سے مقابلہ درپیش

ریکوڈک ریفرنس پر رائے محفوظ، عالمی معیار کی پاسداری کی یقین دہانی پر خوشی ہے، چیف جسٹس