کھیل

آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کردیا

ہیڈ اور وارنر کی سنچریوں کی مدد سے آسٹریلیا نے 5 وکٹوں پر 355 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کی پوری ٹیم 142 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا نے ٹریوس ہیڈ اور ڈیوڈ وارنر کی شان دار سنچریوں کی مدد سے 3 میچوں کی ایک روزہ سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 221 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

میلبرن میں کھیلے گئے آخری ون ڈے میچ میں مہمان انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی لیکن اپنا فیصلہ درست ثابت نہ کر پائے۔

آسٹریلیا کے اوپنرز نے 38 اوورز میں 269 رنز کی شان دار شراکت کی اور دونوں بلے بازوں نے اپنی سنچریاں بھی مکمل کی۔

ڈیوڈ وارنر 102 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 106 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، جس کے فوری بعد ٹریوس ہیڈ بھی اسٹون کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ٹریوس ہیڈ نے 130 گیندوں کا سامنا کرکے 16 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 152 رنز کی بڑی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کے باؤلرز آسٹریلیا کو بڑے اسکور سے روکنے میں ناکام رہے اور اوپنرز کے علاوہ دیگر بلے بازوں نے مختصر اننگز کھیلیں لیکن جارحانہ انداز اپنائے رکھا۔

اسٹیون اسمتھ 21، مارکس اسٹوئنس 12 اور مچل مارش 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا نے پانچویں اور آخری وکٹ 48 ویں اوور کی دوسری گیند پر گنوائی تو اس وقت ان کا اسکور 347 رنز تھا۔

سیریز کا آخری میچ 48 اوورز تک محدود کیا گیا تھا، جس میں آسٹریلیا نے 5 وکٹوں پر 355 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے صرف اولی اسٹون ہی کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں اور لیام ڈاؤسن کو ایک وکٹ ملی۔

ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت انگلینڈ کے لیے 364 رنز کا ہدف مقرر کیا گیا جو ان کے لیے بڑی شکست کا باعث بنا۔

ڈیوڈ ملان صرف 2 رنز بنا کر 15 کے مجموعی اسکور پر ہیزل ووڈ کی وکٹ بنے، جس کے بعد 57 کے مجموعے پر جیسن روئے کی 33 رنز کی اننگز کا خاتمہ ہوا۔

انگلینڈ کی وکٹیں پے در پے گرتی رہیں، سیم بلنگز 7، جیمز وینس 22، کپتان جوز بٹلر ایک اور کرس ووکس صفر پر آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کا اسکور محض 90 رنز تھا۔

معین علی اور لیام ڈاؤسن نے 18، 18 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں یہ رنز ناکافی تھے۔

آسٹریلیا کی زبردست باؤلنگ کے سامنے انگلینڈ کی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی جہاں سیم کیوران اور ڈیوڈ ولی 12 اور اولی اسٹون 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا نے انگلینڈ کی پوری ٹیم کو 32 ویں اوور میں 142 رنز پر آؤٹ کردیا اور میچ 221 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کرکے نہ صرف میچ بلکہ سیریز بھی 0-3 سے جیت لی۔

آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا نے 31 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، پیٹ کمنز اور سین ایبٹ نے 2، 2 اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

ٹریوس ہیڈ کو میچ اور ڈیوڈ وارنر کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز کا پہلا میچ 17 نومبر کو ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا تھا جہاں میزبان آسٹریلیا نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

سیریز کا دوسرا میچ 19 نومبر کو سڈنی میں کھیلا گیا اور آسٹریلیا نے انگلیند کو 72 رنز کے مارجن سے شکست دی تھی۔

آسٹریلیا نے پیٹ کمنز کی قیادت میں انگلینڈ کو تیسرے میچ میں بڑی شکست دے کر سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کیا۔

ایران میں جاری مظاہروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن پر اقوام متحدہ کا اظہار مذمت

’جوائے لینڈ‘ ملک کے محدود سینماؤں میں ریلیز

مسلم لیگ (ن) 2023 کے انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کرے گی، شاہد خاقان عباسی