پاکستان

ارشد شریف قتل کیس: پریس کانفرنس میں کی گئی باتوں کی ایف آئی اے ٹیم نے بھی توثیق کی، فیصل واڈا

ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم تگڑی ہے کیونکہ ابھی تک جو کام کیا ہے وہ کافی زبردست ہے، سابق وزیر

سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو بند گلی تک پہنچانے، انہیں نااہل کروانے اور قتل کی سازش کے پیچھے وہی لوگ ہیں جو اس سے مستفید ہونے والے ہیں اور خود وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل پر میں نے اپنی پریس کانفرنس میں جن باتوں کا ذکر کیا تھا، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بھی ان باتوں کی توثیق کی ہے کہ وہ معلومات سو فیصد درست تھی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک سازشی قتل ہے، ارشد شریف کو قریبی رینج سے مارا گیا، ان کا آئی پیڈ اور موبائل فون نہیں ملے گا اور قتل کی منصوبہ بندی پاکستان میں ہوئی اور یہ تمام باتیں سامنے آگئی ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میں مطمئن ہوں کہ ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم تگڑی ہے کیونکہ ابھی تک جو کام کیا ہے وہ کافی زبردست ہے اور یہی امید ہے کہ مجرموں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا جو پاکستان میں ہوتے ہوئے پکڑ میں نہیں آتے۔

انہوں نے کہا کہ میری طرف سے شواہد یا ثبوت پیش نہیں کیا گیا کیونکہ وہ اگلی پیشی کے لیے رکھا گیا ہے، مزید کہا کہ سلمان اقبال کا اس قتل یا سازش میں کوئی ہاتھ نہیں مگر میں ان سے کہوں گا کہ وہ پاکستان آکر اس کیس میں مدد کریں۔

فیصل واڈا نے کہا کہ میری ارشد شریف کے ساتھ کافی گہری دوستی تھی اور ان کے یہاں سے جانے اور پھر آگے پہنچنے تک رابطے میں رہے اور کافی باتیں بھی ہوئیں اور شاید اللہ نے مجھے اسی کام کے لیے چنا کیونکہ ہوا کے سامنے کھڑا ہونا بہت مشکل کام ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب میں نے پریس کانفرنس کی تو اس کو بہت رخ دیے گئے اور الگ الگ باتیں کی گئیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو بند گلی تک پہنچانے، انہیں نااہل کروانے اور قتل کی سازش کے پیچھے وہی لوگ ہیں جو اس سے مستفید ہونے والے ہیں اور خود وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں۔

اسحٰق ڈار کا آرمی چیف کے خاندان کا ٹیکس ریکارڈ ’لیک‘ ہونے کا نوٹس

فیفا ڈائری (چوتھا دن): ’اب تک کسی فیفا ورلڈ کپ کی اتنی بہترین تقریب نہیں دیکھی‘

21 ممالک کا بھارت پر ’مذہبی آزادی‘ کو یقینی بنانے پر زور