آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام: عثمان بزدار کی عبوری ضمانت منظور
لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے معلوم ذرائع آمدن سے زائد اثاثوں کے خلاف شروع کی گئی انکوائری میں عبوری ضمانت منظور کر لی۔
عثمان بزدار نے وکیل بیرسٹر مومن ملک کی وساطت سے لاہور کی احتساب عدالت میں درخواست دائر کی، جج ملک علی ذوالقرنین اعوان نے عثمان بزدار کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
نیب کی جانب سے اسپیشل پروسکیوٹر نیب وارث علی جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست ضمانت میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کی ایک اور انکوائری شروع کر رکھی یے، آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب نے تحقیقات کی بھی منظوری دے دی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خدشہ ہے نیب گرفتار کرنا چاہتا ہے، عدالت قبل از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرے۔
احتساب عدالت عثمان بزدار کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 30 نومبر تک گرفتار کرنے سے روک دیا
اس کے ساتھ ہی عدالت نے عثمان بزدار کو 5 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب سے تحریری جواب طلب کر لیا۔