کھیل

فیفا ورلڈ کپ 2022: میسی نے ایونٹ کیلئے فیورٹ چار ٹیموں کے نام بتا دیے

یہ میسی کا آخری ورلڈ کپ ہوگا جس میں وہ ارجنٹائن کو تیسری مرتبہ چیمپیئن بنوانے کے لیے میدان میں اتریں گے۔

ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی نے اتوار سے شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے لیے ارجنٹائن کے ساتھ ساتھ انگلینڈ، فرانس اور برازیل کی ٹیموں کو فیورٹ قرار دیا ہے۔

فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین کے لیے کھیلنے والے ارجنٹائن کے 35 سالہ سپر اسٹار کے کیریئر کا یہ آخری ورلڈ کپ ہوگا جس میں وہ جنوبی امریکی ملک کو تیسری مرتبہ چیمپیئن بنوانے کے لیے میدان میں اتریں گے۔

دو مرتبہ کی چیمپیئن ارجنٹائن نے 1986 کے بعد سے عالمی کپ نہیں جیتا اور اس مرتبہ بھی ٹرافی جیتنے کے لیے ارجنٹائن کی نگاہیں میسی پر مرکوز ہوں گی۔

انہوں نے ارجنٹائن کو بھی عالمی کپ کا بڑا دعویدار قرار دیا اور کہا کہ اگر آپ مجھے سے ورلڈ کپ کے مضبوط امیدواروں کا پوچھیں گے تو میں ارجنٹائن کے ساتھ فرانس، برازیل اور انگلینڈ کو دیگر ٹیموں سے زیادہ مضبوط اور ٹائٹل کا بڑا دعویدار تصور کرتا ہوں۔

تاہم میسی نے کہا کہ عالمی کپ ایک مشکل اور پیچیدہ ٹورنامنٹ ہے جس میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

کوپا امریکا کی چیمپیئن ارجنٹائن کی ٹیم گزشتہ 35 میچوں سے ناقابل شکست ہے اور یہی وجہ ہے کہ دیگر ٹیموں کے ساتھ ساتھ جنوبی امریکی ملک کو بھی دیگر ٹیموں کے لیے خطرہ تصورکیا جارہا ہے۔

متعدد بار بیلن ڈی اور جیتنے والے سپر اسٹار نے کہا کہ ہم بہت پرعزم ہیں اور ہماری ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی شدید خواہشمند ہے، فی الحال ہم بہترین انداز میں ورلڈ کپ کے آغاز پر نظریں مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

میسی کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ارجنٹائن نے 2014 کے ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا لیکن فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انہیں جرمنی کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

فیفا ورلڈ کپ 2022 میں ارجنٹائن کی ٹیم گروپ ’سی‘ میں ہے اور اسے سعودی عرب کے ساتھ ساتھ پولینڈ اور میکسیکو کا بھی چیلنج درپیش ہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی اوپننگ جوڑی اپنے کس ریکارڈ سے محروم ہوئی؟

فلپائن: منیلا میں بچی کی پیدائش کے بعد دنیا کی آبادی 8 ارب ہوگئی

بریسٹ کینسر کی ویکسین کے ٹرائل کے حوصلہ کن نتائج