پاکستان

غلام محمود ڈوگر بطور سی سی پی او لاہور بحال

فیڈرل سروس ٹریبونل نے سی سی پی او لاہور کے تبادلے سے متعلق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

فیڈرل سروس ٹریبونل (ایف ایس ٹی) اسلام آباد نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس غلام محمود ڈوگر کو لاہور کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) کے عہدے پر برقرار رہنے کی اجازت دے دی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف ایس ٹی نے سی سی پی او لاہور کے تبادلے سے متعلق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر مستحکم سیاسی صورتحال، پنجاب پولیس بحرانی کیفیت کا شکار

لاہور ہائی کورٹ میں اپنے تبادلے اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے معطلی کے احکامات کے خلاف اپنی درخواست مسترد اور ناقابل سماعت قرار دیے جانے کے بعد غلام محمود ڈوگر نے فیڈرل سروس ٹریبونل کے سامنے اپیل دائر کی تھی۔

غلام محمود ڈوگر نے اپنے تبادلے اور معطلی کے بارے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نوٹیفیکیشن میں قانونی اور انتظامی خامیوں کی نشاندہی کی تھی، انہوں نے فیڈرل سروس ٹریبونل سے درخواست کی تھی کہ وہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے سول سروس کے قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

غلام محمود ڈوگر کے وکیل نے دلیل دی کہ ٹرانسفر آرڈر کے خلاف ان کے مؤکل کی اپیل متعلقہ اتھارٹی کے پاس زیر التوا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اس اپیل پر فیصلے تک ان کے خلاف کوئی اور محکمانہ کارروائی کرنے سے نہیں کر سکتا۔

خیال رہے کہ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے 2 سینیئر رہنماؤں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج ہونے کے فوراً بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے غلام محمود ڈوگر کی خدمات واپس لے لی تھیں۔

مزید پڑھیں: سی سی پی او لاہور کی معطلی کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد

بعد ازاں یہ معاملہ سوشل میڈیا پر اس وقت موضوع بنا جب حکومت پنجاب نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حکم پر عمل کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے صوبائی حکام کے انتظامی اختیارات میں مداخلت کی کوشش قرار دیا۔

بعدازاں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ایک انتباہ جاری کیا اور غلام محمود ڈوگر کو تیسرے اور آخری خط میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی سابقہ ہدایات کی تعمیل نہ کرنے پر سخت سزا کی تنبیہ کی گئی۔

چند روز قبل اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے غلام محمود ڈوگر کو ملازمت سے معطل کر دیا تھا اور یہ اعلان بھی کیا تھا کہ ان کے خلاف عہدے سے برطرفی کی کارروائی شروع کی جائے گی۔

فیڈرل سروس ٹریبونل کے فیصلے کی کاپی موصول ہونے کے بعد غلام محمود ڈوگر نے دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں اور گزشتہ روز پولیس کے اعلیٰ افسران کا اجلاس طلب کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے اپنی معطلی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ سی سی پی او لاہور نے امن و امان اور جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اپنے دفتر میں اجلاس کی صدارت کی۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر، ڈی آئی جی سیکیورٹی محبوب رشید، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اطہر اسماعیل، لاہور کے سی ٹی او ڈاکٹر اسد اعجاز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

وزیر اعظم کی نواز شریف سے متعدد ملاقاتیں، لندن میں قیام مزید ایک روز بڑھا دیا

سرکاری اسپتالوں کا وہ رخ جو عوام سے اوجھل رہتا ہے

اقوام متحدہ میں افغانستان کی صورتحال پر قرارداد پیش، پاکستان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا