پاکستان

ہری پور: 15 سالہ لڑکی کے ریپ کے الزام میں دارالامان کا چوکیدار گرفتار

گزشتہ 2 ماہ کے دوران لڑکی کے ساتھ 3 بار ریپ کیا گیا اور بلیک میل کرنے کے لیے تصاویر بھی بنائی گئیں، پولیس

ہری پور میں واقع دارالامان کے ایک چوکیدار کو پولیس نے ایک نوعمر لڑکی کے ساتھ ایک سے زائد بار ریپ کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او محمد عارف خان نے بتایا کہ ذرائع نے انہیں آگاہ کیا کہ دارالامان کے ایک چوکیدار اور ڈرائیور نے مبینہ طور پر ایک 15 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔

مزید پڑھیں: کانسٹیبل نے خاتون پولیس اہلکار کا ریپ کر کے ویڈیو وائرل کردی

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے حقائق کی جانچ کے لیے دارالامان کا دورہ کیا اور لڑکی سے ملاقات بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں لڑکی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کے ساتھ ریپ کیا گیا ہے۔

محمد عارف خان نے مزید کہا کہ لڑکی نے بتایا کہ اس کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے اور وہ گزشتہ ایک برس سے دارالامان میں ہے۔

متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ دارالامان کے چوکیدار محمد عارف (جو جگل گاؤں کا رہائشی ہے) نے گزشتہ 2 ماہ کے دوران اس کے ساتھ 3 بار ریپ کیا اور اسے بلیک میل کرنے کے لیے اس کی تصاویر بھی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: بس کمپنی کے ڈرائیور نے خاتون میزبان کا ریپ کردیا

ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزم کے خلاف پی پی سی کی دفعہ 376 اور خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کی 53 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طبی معائنے میں لڑکی کے ساتھ ریپ کی تصدیق ہوئی ہے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ ایک مرد اس علاقے کے اندر کیسے داخل ہوگیا جہاں عدالت کے حکم پر 12 خواتین اور 2 بچوں کو پناہ دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے مزید تفتیش کے لیے ملزم کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا لانگ مارچ کی سیکیورٹی سخت، 15 ہزار اہلکار تعینات کرنے کا حکم

شاہینوں کی شاندار کارکردگی، کیویز کو روند کر فائنل میں انٹری

ایران: ریاست مخالف پروپیگنڈے کے الزام میں دو خواتین صحافیوں پر فرد جرم عائد