ندا یاسر کا براہ راست شو چھوڑ جانے پر رابعہ انعم کی تعریفیں
سابق نیوز اینکر اور ٹی وی میزبان رابعہ انعم کی جانب سے ندا یاسر کے براہ راست مارننگ شو کو چھوڑ جانے پر لوگ ان کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں بہادر قرار دے رہے ہیں۔
رابعہ انعم 8 نومبر کو ندا یاسر کے مارننگ شو میں بطور مہمان شریک ہوئی تھیں، جس میں ان کے ساتھ اداکار محسن عباس حیدر اور اداکارہ فضا علی بھی شامل ہوئی تھیں۔
ٹی وی پر کچھ ہی دیر پروگرام چلنے کے بعد رابعہ انعم نے میزبان ندا یاسر سے معذرت کرتے ہوئے پروگرام چھوڑ کر جانے کی اجازت مانگی اور ساتھ ہی واضح کیا کہ ان کا مقصد چینل، پروگرام کے پروڈیوسر اور میزبان کی بے عزتی کرنا یا دل دکھانا نہیں ہے۔
رابعہ انعم کی پروگرام چھوڑ کر جانے کی وائرل ہونے والی کلپس میں انہیں میزبان ندا یاسر کو بڑے احترام اور ادب سے پروگرام سے جانے کی اجازت مانگتے ہوئے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔
رابعہ انعم نے ندا یاسر، ان کے شو، ٹی وی چینل اور پروڈیوسر سمیت پوری ٹیم کی تعریفیں کیں لیکن ساتھ ہی کہا کہ وہ خواتین پر تشدد کے خلاف ہیں اور انہیں معلوم نہیں تھا کہ پروگرام کے دیگر مہمان کون ہیں۔
رابعہ انعم کا کہنا تھا کہ انہوں نے گھریلو تشدد کے خلاف کھڑے ہونے کا عزم کیا ہے اور وہ اس حوالے سے آواز بھی بلند کرتی آ رہی ہیں، جس وجہ سے آج ان کا پروگرام میں بیٹھنا انہیں مناسب نہیں لگ رہا۔
انہوں نے کہا کہ اگر وہ پروگرام میں شریک رہیں تو ان کی تمام کاوشیں ختم ہوجائیں گی، اس لیے وہ مزید اس پروگرام کا حصہ نہیں رہنا چاہتیں، کیوں کہ وہ گھریلو تشدد کے خلاف اٹھائی گئی اپنی آواز کو کم نہیں دیکھنا چاہتیں۔
رابعہ انعم نے پروگرام کے مہمان محسن عباس حیدر کا نام نہیں لیا، تاہم کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ پروگرام کے دوسرے مہمان کون ہیں؟
رابعہ انعم کی جانب سے پروگرام سے چلے جانے کی بات کہنے کے بعد ندا یاسر نے فوری طور پر وقفہ لیا، جس کے بعد انہوں نے پروگرام دوبارہ شروع کیا جب کہ یوٹیوب پر پروگرام کی اپ لوڈ کردہ ویڈیو میں رابعہ انعم کا حصہ کاٹ دیا گیا۔
تاہم رابعہ انعم کی جانب سے پروگرام کو چھوڑ جانے کی کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور متعدد افراد نے ان کی بہادری اور ان کے قدم کی تعریف کیں۔
سماجی رہنما اور وکیل خلیل جبران ناصر نے بھی رابعہ انعم کو بہادر قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ان کا گھریلو تشدد اور بیویوں پر تشدد کرنے والے افراد کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا عزم قابل تحسین ہے۔
ان کے علاوہ ٹی وی شخصیات، صحافیوں اور عام افراد نے بھی رابعہ انعم کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں بہادر قرار دیا اور لکھا کہ ان کا قدم قابل تعریف ہے۔
خیال رہے کہ ماضی میں اداکار محسن عباس حیدر پر ان کی سابق اہلیہ اداکارہ فاطمہ سہیل نے ان پر 2018 میں بدترین گھریلو تشدد کے الزامات لگانے کے بعد ان سے خلع لے لی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: محسن عباس کی اہلیہ کا خلع لینے کا فیصلہ
محسن عباس حیدر اور فاطمہ سہیل نے 2015 میں شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے جو اب والدہ کے ساتھ رہتا ہے۔
سابق اہلیہ کی جانب سے تشدد کے الزامات لگائے جانے کے بعد محسن عباس حیدر پر شوبز شخصیات نے بھی تنقید کرتے ہوئے ان پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ متعدد اداروں نے کچھ وقت کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے سے بھی معذرت کرلی تھی۔