پاکستان

اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو کے دعوے پر 14 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل

کمیٹی اعظم سواتی کی ویڈیو بنانے اور لیک کرنے کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گی اور ایوان میں پیش کرے گی، چیئرمین سینیٹ
|

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو لیک کے معاملے کی تحقیقات کے لیے 14 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اعظم سواتی کے بیان پر پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو سے متعلق انکشاف قابل مذمت اور افسوسناک ہے جس سے دلی رنج اور تکلیف پہنچی۔

یہ بھی پڑھیں: نامعلوم نمبر سے میری بیوی کو ہماری ذاتی ویڈیو بھیجی گئی، اعظم سواتی

انہوں نے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی ایک ایماندار اور قابل عزت شخصیت کے مالک ہیں، ان کو کوئٹہ بطور مہمان بہترین اور محفوظ ترین رہائش فراہم کی۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ تمام سینیٹرز بلاتفریق قابل احترام اور خاندان کے مانند ہے، سینیٹر اعظم سواتی میرے خاندان کے رکن کی طرح ہیں جو بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، بطور مسلمان و بلوچ اخلاقی اقدار سے بخوبی آگاہ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی ایوان کے باعزت رکن ہیں، ان کی تکالیف کا ادراک ہے، وہ اور ان کی اہلیہ تہجد گزار ہیں اور ماں کا درجہ رکھتی ہیں، اعظم سواتی میرے بڑے بھائی ہیں، ان کے ساتھ خاندانی تعلقات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹر اعظم سواتی کی ازدواجی زندگی سے متعلق ویڈیو پر سینیٹ کی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے، پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی میں تمام جماعتوں کے رہنما شامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں: جان نکال لیتے تو پروا نہ تھی لیکن تشدد کرنے والوں نے عزت پر ہاتھ ڈالا، اعظم سواتی

صادق سنجرانی نے کہا کہ کمیٹی اعظم سواتی کی ویڈیو بنانے اور لیک کرنے کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گی اور اپنی رپورٹ مرتب کر کے ایوان میں پیش کرے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران اعظم سواتی نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی بیوی کو ایک ذاتی ویڈیو موصول ہوئی جس میں وہ اور ان کی بیوی ہیں اور یہ ویڈیو اس وقت بنائی گئی جب وہ کوئٹہ گئے تھے اور سپریم کورٹ کے جج کے جوڈیشل لاجز میں قیام کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ چند روز قبل میں نے کہا تھا کہ مجھے اس لیے کوئی دبا نہیں سکتا کیونکہ میں نے کوئی کرپشن نہیں کی، اس ملک کی کوئی چیز لی نہیں بلکہ اس کو دیا ہے، میں نے یہ بھی کہا تھا کہ میری کوئی غیر اخلاقی ویڈیو میرے ملک کے لوگوں، مقتدر حلقوں کے پاس نہیں ہو گی لیکن میں غلط تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک پاکستان میں ایک خاوند اور بیوی کے تقدس کو پامال کیا گیا اور میں حیران ہوں کہ اس کام پر مامور لوگوں نے سوچا کہ اگر اس کی کرپشن کی فائل نہیں ہے، اس کی کوئی غیر اخلاقی ویڈیو نہیں ہے تو پھر اس کی اور اس کی بیوی کی ویڈیو نکال لیں۔

یہ بھی پڑھیں: اعظم سواتی پر تشدد کے خلاف خط پر سینیٹر شہزاد وسیم سپریم کورٹ طلب

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اعظم سواتی کی اہلیہ کی پرائیوسی کی مبینہ خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے چیف چسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس معاملے پر از خود نوٹس لیں۔

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے سینیٹر اعظم سواتی کے ساتھ پیش آنے والے مبینہ واقعے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے نام خط لکھا جس میں اُن سے واقعے کی تحقیقات کے لیے تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

مولانا فضل الرحمٰن کا عمران خان پر نفرت کی سیاست کو فروغ دینے کا الزام

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان، بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

'بدقسمت اور نظر انداز سرزمین'، جو بائیڈن کے متنازع بیان پر افغانی ناراض