عمران خان نے 3 نام دیے ہیں جو ملوث ہوسکتےہیں، اسد عمر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے پارٹی رہنما میاں اسلم اقبال کے ہمراہ ویڈیو بیان میں کہا کہ 'اب سے تھوڑی دیر پہلے انہوں نے مجھے اور میاں اسلم اقبال کو بلایا اور کہا ہے کہ میری طرف سے یہ بیان جاری کرو اور وہ کہہ رہے ہیں کہ میرے پاس پہلے سے ہی کچھ معلومات آرہی تھیں'۔
اسد عمر نے عمران خان کا حوالہ دے کر کہا کہ 'انہوں نے کہا کہ تین لوگوں کے اوپر میرا یقین ہے جنہوں نے یہ سب کروایا ہے اور وہ یہ تین لوگ ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'انہوں نے کہا میرے پاس پہلے معلومات آرہی تھیں جس کی بنیاد پر میں یہ کہہ رہا ہوں کہ یہ جو قاتلانہ حملہ کروایا گیا وہ ان لوگوں نے کروایا ہے اور مطالبہ یہ ہے کہ ان تینوں کو عہدے سے ہٹایا جائے'۔
اسد عمر نے کہا کہ 'اگر ان کو عہدوں سے نہیں ہٹایا گیا تو پھر ملک گیر احتجاج ہوگا اور پھر ایسا نہیں ہوسکتا کہ پاکستان ایسے چلتا رہے، عمومی حالات کے ساتھ جب تک ان تین لوگوں کو ہٹایا نہیں جاتا'۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 'عمران خان نے ساری قوم کو یہ پیغام دیا ہے اور اس کے اوپر پارٹی کے کارکنان اور جو لوگ ہیں وہ انتظار کریں گے کہ عمران خان جس وقت اس احتجاج کی کال دیتے ہیں تو پھر ملک بھر میں ایک احتجاج شروع ہوجائے گا اگر عمران خان کا مطالبہ پورا نہیں کیا گیا'۔