سری لنکا سے شکست کے بعد افغانستان ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر میگا ایونٹ سے باہر کردیا۔
افغانستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 145 رنز کا ہدف دیا تھا جسے سری لنکا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 9 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا، اس کے ساتھ ہی افغانستان کا ٹی 20 ورلڈ کپ کا سفر ختم ہوگیا۔
سری لنکا کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز دھننجیا ڈی سلوا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 66 رنز بنائے۔
ان کے علاوہ کوشل مینڈس 25، چارتھ آسالنکا 19 اور بھنوکا راجاپکسے 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
برسبین میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے تھے۔
افغانستان کی جانب سے اوپنر رحمٰن اللہ گرباز 29، عثمان غنی 28، ابراہیم زدران 22 اور نجیب اللہ زدران 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپنر ونندو ہسارنگا ڈی سلوا نے 3 افغان بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ لاہیرو کمارا نے کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
4 اوورز میں 13 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرنے پر اسپنر ونندو ہسارنگا ڈی سلوا کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
آج گروپ ون کے دوسرے اہم میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔