پاکستان

لندن: نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے حامی گرفتار

پی ٹی آئی کے حامیوں نے عمران خان کے لانگ مارچ سے اظہار یکجہتی کیلئے ایون فیلڈ کے باہر احتجاج کیا نعرے لگائے تھے۔

لندن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی رہائش گاہ ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور لیگی کارکنان آمنے سامنے آگئے۔

احتجاج کے دوران اسکاٹ لینڈ پولیس نے پی ٹی آئی سپورٹر شایان علی کو گرفتار کرکے بعد میں رہا کر دیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ڈنراوین اسٹریٹ میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ(ن) کے حامی آمنے سامنے آگئے جس کے بعد پی ٹی آئی کے سپورٹر شایان علی مظاہرین کو پُرسکون رہنے کی تلقین کرتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: لندن: نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنان کا احتجاج

پی ٹی آئی کے حامیوں نے عمران خان کے لانگ مارچ سے اظہار یکجہتی کے لیے ایون فیلڈ کے باہر احتجاج کیا اور نعرے بازی کی، بعد ازاں لیگی کارکن بھی اپنے قائد سے یکجہتی کے لیے ایون فیلڈ کے باہر جمع ہوئے اور جوابی نعرے لگانا شروع کردیے۔

دونوں جماعتوں کے کارکنان معروف صحافی ارشد شریف کے قتل کا الزام ایک دوسرے پر لگاتے رہے، واضح رہے کہ معروف صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کینیا پولیس کے ہاتھوں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

بعد ازاں جب احتجاج میں شدت آئی تو مقامی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سپورٹر شایان علی کو حراست میں لے لیا اور ہتھکڑی لگادی، شایان علی کی والدہ نے بیٹے کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا جس کے بعد پولیس نے شایان علی کو رہا کردیا۔

لندن میں پاکستان تحریک انصاف کے حامی اور نوجوان اکثر نواز شریف کی رہائش گاہ اور حسین نواز کے دفتر کے باہر شریف فیملی کے خلاف احتجاج کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ 6 اکتوبر 2022 کو جب مریم نواز لندن پہنچی تھیں تو پی ٹی آئی سپورٹرشایان علی سمیت دیگر حامیوں نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر ان کی آمد کے خلاف احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے تاہم مریم نواز نے ایئرپورٹ کا دوسرا راستہ اختیار کیا جس کے بعد پی ٹی آئی کے حامیوں کو مایوس ہوکر لوٹنا پڑا تھا۔

گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی وزیر دفاع کا بیان ’مضحکہ خیز‘ قرار

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان، خیبرپختونخوا کے وزیر طلب

سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 16.3 ارب ڈالر درکار