لاہور کے عوام حقیقی آزادی کے لیے گھروں سے باہر نکلیں، فواد چوہدری
سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے سینئر فواد چوہدری نے عوام سے حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج لاہور کے عوام ملک کی حقیقی آزادی کے لیے گھروں سے باہر نکلیں۔
لاہور میں اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا عوام آج اس گلے سڑی نظام کی تبدیلی کے لیے گھروں سے نکلیں ورنہ کل ہم سے گلہ نہ کریں کہ نظام ٹھیک نہیں ہے، اگر آپ اس گلے سڑے نظام میں جینا چاہتے ہیں تو اپنے ہی آپ اپنے گھر پر بیٹھیں گے لیکن اگر آپ اس نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو لبرٹی چوک لاہور میں عمران خان کے قدم بقدم ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا فیصلہ کریں گے کہ لاہور کے لوگ اس نظام کے ساتھ ہیں یا اس کے خلاف ہیں، ہم میں بھی خامیاں ہیں، ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں لیکن اگر کوئی رہنما اس نظام کو ٹھیک کرسکتا ہے تو وہ صرف عمران خان ہے اور صرف پی ٹی آئی اور اس کی قیادت اس سسٹم کو تبدیل کرنے کی کوشش رہی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عوام کو صرف یہ بتانے کے لیے مارچ میں شرکت کرنی چاہیے کہ وہ اس نظام سے مطمئن نہیں ہیں، پاکستان کے عوام کو چاہیے کہ وہ بند کمروں کے فیصلوں کو مسترد کریں، جب تک مستقبل کے فیصلوں کا اختیار پاکستان کے عوام اپنے ہاتھ میں نہیں لیں گے نظام ٹھیک نہیں ہوسکتا۔