پاکستان

امریکا کا سیلاب متاثرین کیلئے 3 کروڑ ڈالر اضافی امداد کا اعلان

امریکا خوراک، آفات سے نمٹنے کی تیاری اور صلاحیت بڑھانے کیلئے اب تک 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی امداد دے چکا ہے، پریس ریلیز

امریکا نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے مزید 3 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق امریکا سیلاب متاثرین کے لیے خوراک، آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ملک میں صلاحیت بڑھانے کی کوششوں کے لیے رواں برس اب تک 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی امداد دے چکا ہے۔

پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے سندھ کے ضلع شکارپور کے دورے کے موقع پر خمیے، بیت الخلا اور حفظان صحت کی کٹوں کو سیلاب متاثرین میں تقسیم کرتے ہوئے اضافی امداد کا اعلان کیا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ نئی فنڈنگ فوری ضروریات کو پورا کرنے، سیلاب متاثرین کی امداد بڑھانے اور امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کو تقریباً 20 لاکھ افراد تک پہنچنے کے قابل بنائے گی۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ امریکی حکومت، یو ایس ایڈ کے ذریعے اضافی فنڈنگ سے سیلاب کے اثرات کے نتیجے میں خوراک کے عدم تحفظ اور غذائی قلت کو کم کرنے اور زندگی بچانے کے لیے خوراک، غذائیت اور صحت کے حوالے سے امداد فراہم کرے گی، اس کے ساتھ ساتھ یہ امداد پانی سے جنم لینے والی بیماریوں کی روک تھام میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے امریکا کی مسلسل تعاون کی یقین دہانی

مزید بتایا گیا کہ سیلاب متاثریں کی بحالی میں مدد اور سردیوں سے بچنے کے لیے ساز و سامان کی فراہمی اس امداد کا حصہ ہے، چونکہ خواتین سیلاب سمیت دیگر قدرتی آفات سے براہ راست اور سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں، تاہم امریکی حکومت جنسی امتیاز اور تشدد کی روک تھام کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

امریکی سفیر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے متاثرین کو مشکل وقت میں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکا کی جانب سے مشکل وقت میں مدد کرنے پر شکر گزار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی مدد کرنا آج بھی سب سے اہم معاملہ ہے۔

اوکسفام کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں رواں برس تباہ کن سیلاب کی وجہ سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد براہ راست متاثر ہوئے ہیں جبکہ نقصانات کا تخمینہ 30 ارب ڈالر سے زائد لگایا گیا ہے، اقوام متحدہ کی انسانی بنیادوں پر امداد کی اپیل صرف 47 کروڑ 23 لاکھ ڈالر کی گئی ہے، جو کہ محض ایک فیصد سے زائد بنتی ہے جبکہ اب تک صرف 19 فیصد فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کا سیلاب متاثرین کیلئے 2.5 ارب ڈالر امداد کا اعلان

دنیا بھر کے 100 سے زائد محققین اور پالیسی سازوں کی جانب سے بنائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیلاب سے نمٹنے کے ردعمل کے طور پر لاکھوں افراد کی امداد کو کافی قرار نہیں دیا جاسکتا، جنہیں روزگار اور اپنے گھروں سے ہاتھ دھونا پڑے، اور اب انہیں بھوک، بیماری اور نفسیاتی اثرات کا سامنا ہے۔

ٹی 20 ورلڈکپ: زمبابوے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی

سونیا مشال اور فائزہ عاشق کی فیروز خان کی بہنوں حمیمہ اور دعا ملک پر تنقید

ڈی جی آئی ایس پی آر نے غلط بیانی کی کہ ارشد شریف کو خطرہ نہیں تھا، شیریں مزاری