عمران خان قوم کے سامنے کس منہ سے آنے کی کوشش کررہا ہے، مولانا فضل الرحمٰن
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے لانگ مارچ کے حوالے سے کہا ہے کہ آج وہ (عمران خان) قوم کے سامنے کس منہ سے آنے کی کوشش کررہا ہے، اس کے ہاں نہ کوئی وقار ہے، نہ کوئی شائستگی ہے، نہ کوئی شرم و حیا ہے، بس میں آ رہا ہوں، تم کیوں آ رہے ہو؟ تم نے کیا کیا ہے؟
چنیوٹ میں مولانا فضل الرحمٰن کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلے بھی معاہدات کرنے کے لیے چینی صدر پاکستان آ رہا تھا، اس وقت بھی اس نے 126 دن کا دھرنا دے کر پاکستان کی معیشت کے سفر کو روکا تھا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جاننا چاہیے کہ جب آج پھر چین اور پاکستان کے درمیان بات چیت کا ایک دور آج شروع ہورہا ہے، آج ہی کے دن اس نے اس قسم کی صورتحال کیوں پیدا کر دی ہے؟
انہوں نے کہا کہ آج وہ قوم کے سامنے کس منہ سے آنے کی کوشش کررہا ہے، اس کے ہاں نہ کوئی وقار ہے، نہ کوئی شائستگی ہے، نہ کوئی شرم و حیا ہے، بس میں آ رہا ہوں، تم کیوں آ رہے ہو؟، تم نے کیا کیا ہے؟ میرے خلاف سازش ہوئی ہے، ایسی ایک کاغذ لہرا کر سازش ہوئی ہے، کاغذ کدھر ہے، کہتے ہیں کہ کاغذ گم ہو گیا۔