پاکستان

کسی حکومت میں مسئلہ کشمیر پر سمجھوتہ کرنے کی جرأت نہیں، قمر زمان کائرہ

سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر ہر پاکستانی حکومت نے کشمیریوں کی حالت زار پر آواز اٹھائی ہے، مشیر برائے امور کشمیر

وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستانی عوام کے جذبات سے جڑا ہوا ہے اور کسی حکومت نے اس پر سمجھوتہ کرنے کی جرأت نہیں کی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 27 اکتوبر 1947 کو کشمیر پر ہندوستان کے غیر قانونی قبضے کے خلاف احتجاج کے سلسلے میں یوم سیاہ کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو حق خود ارادیت کی جدوجہد میں مکمل حکومتی حمایت کا یقین دلایا اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

مزید پڑھیں: مسئلہ کشمیر کے پرامن تصفیے کیلئے اقوام متحدہ کی سرگرمیوں کے حامی ہیں، جرمن وزیرخارجہ

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 75 سال قبل 80 ہزار فوجیوں کو مقبوضہ کشمیر میں اتارا اور وہاں کے عوام کی مرضی کے خلاف خوبصورت وادی پر قبضہ کر لیا، اب یہ تعداد 10 لاکھ فوجیوں تک پہنچ چکی ہے اور معصوم کشمیریوں کے خلاف مظالم کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے لیکن انہوں نے زور دیا کہ اس سے لوگوں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر پاکستان کی ہر حکومت نے اندرون اور بیرون ملک کشمیریوں کی حالت زار پر آواز اٹھائی ہے اور وہ آئندہ بھی اٹھاتی رہے گی۔

پریس کانفرنس کے دوران قمر زمان کائرہ کے ساتھ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید باسط بخاری اور حریت رہنما غلام محمد صفی، فیض نقشبندی اور محمود احمد ساغر بھی موجود تھے۔

ذیلی کمیٹی کی تشکیل

باسط بخاری نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کشمیر پر پارلیمانی باڈی نے اس معاملے پر بہتر تال میل کے لیے وزارت خارجہ، دفاع، داخلہ اور کشمیر کے امور کی وزارتوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک ذیلی کمیٹی قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ اجلاس میں کمیٹی نے کئی دیگر فیصلے کیے، جن پر آنے والے دنوں میں عمل درآمد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مسئلہ کشمیر پر مغرب کا مؤقف بھارت کیلئے باعثِ تشویش

اس مسئلے پر قومی رائے عامہ کو ہموار اور اسے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر اٹھانے کے لیے ہر سطح پر مربوط کوششیں کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

حریت رہنما غلام محمد صفی نے مسئلہ کشمیر کو اٹھانے کے لیے حکومت کی کوششوں اور اس مقصد کے لیے پاکستانی عوام کے عزم کو سراہا جس سے انہیں امید ہے کہ یہ پیغام جائے گا کہ کشمیری اپنی اس جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں۔

محمود احمد ساغر نے اس مسئلے کو ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھانے کی کوششوں کو مربوط کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

آئی سی سی کی ٹی20 رینکنگ، بابراعظم کی تنزلی

دواساز کمپنیوں کا پیراسیٹامول کی گولی کی قیمت کم کرکے2.35 روپے کرنے پر اتفاق

اقرا عزیز کا فیروز خان کے ساتھ منصوبے سے الگ ہونے کا اعلان