پاکستان

کے-الیکٹرک صارفین کیلئے ستمبر میں استعمال شدہ بجلی 4 روپے 70 پیسے سستی

باضابطہ نوٹیفکیشن کے بعد کے-الیکٹرک کو نومبر کے بل میں صارفین کو ایڈجسٹمنٹ کی مد میں تقریباً 7 ارب 78 کروڑ روپے واپس کرنے ہوں گے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے-الیکٹرک کے صارفین کے لیے ستمبر میں استعمال ہونے والی بجلی پر فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے 70 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس منظوری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد کے-الیکٹرک کو نومبر کے بل میں ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کو تقریباً 7 ارب 78 کروڑ روپے واپس کرنے ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کے الیکٹرک صارفین کیلئے جولائی میں استعمال شدہ بجلی 3 روپے 48 پیسے سستی

یہ فیصلہ چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی اور ارکان رفیق اے شیخ اور مقصود انور خان کی زیر صدارت عوامی سماعت کے دوران کیا گیا۔

نیپرا نے کہا کہ اس نے ستمبر کے لیے فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے 70 روپے فی یونٹ کی کمی کی ہے لیکن شواہد اور رسیدوں کی بنیاد پر ڈیٹا کی تصدیق کے عمل کی تکمیل کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

کے-الیکٹرک نے ستمبر میں صارفین سے زائد وصول کیے گئے 7 ارب 74 کروڑ روپے کی واپسی کے لیے فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے 62 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، تاہم ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد نیپرا نے 4 روپے 70 پیسے فی یونٹ کی کمی کی جس سے 7 ارب 78 کروڑ روپے واجب الادا ہوں گے۔

مزید پڑھیں: کے-الیکٹرک کو بجلی کی قیمت 12.68 روپے فی یونٹ بڑھانے کی اجازت

یہ لگاتار تیسرا مہینہ ہے جب کے-الیکٹرک صارفین کے لیے فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ ریفرنس ٹیرف سے کم ہے، اس سے فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ پر گزشتہ کئی ماہ میں 11 روپے فی یونٹ سے زیادہ ریکارڈ توڑ اضافے کا بوجھ جزوی طور پر کم ہو گیا۔

فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ میں کمی بنیادی طور پر ملک بھر میں یکساں بیس ٹیرف میں اضافے کی وجہ سے ہے جو اگست میں 7 روپے فی یونٹ بڑھ گئی۔

کے-الیکٹرک کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے جون کے برعکس ستمبر میں فیول لاگت کم تھی، ستمبر میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) سے خریدی گئی بجلی کی قیمت جون کے مقابلے میں 36 فیصد کم ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: کےالیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 4 روپے 86 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا خدشہ

اسی طرح آر ایل این جی کے لیے ستمبر میں قیمت جون کے مقابلے میں 13 فیصد کم تھی، فرنس آئل کی قیمت میں جون کے مقابلے میں ستمبر میں 2 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا۔

نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ میں کمی لائف لائن صارفین، 300 یونٹس تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین، زرعی شعبے کے صارفین اور ای وی سی ایس (الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن) صارفین کے علاوہ تمام زمروں میں شامل صارفین پر لاگو ہوگی۔

ماہانہ فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ کا اثر کے-الیکٹرک کی جانب سے بھیجے جانے والے نومبر کے بلوں کے ذریعے صارفین تک پہنچے گا۔

ٹیرف میکانزم کے تحت فیول لاگت میں تبدیلی ایک خودکار طریقہ کار کے ذریعے ماہانہ بنیادوں پر صارفین تک پہنچائی جاتی ہے، جبکہ بجلی کی خریداری کی قیمت میں تبدیلی کی وجہ سے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ، پیداواری صلاحیت کے چارجز، دیکھ بھال کے اخراجات، سسٹم چارجز کے استعمال اور ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نقصانات کے اثرات وفاقی حکومت کی جانب سے بنیادی ٹیرف میں شامل ہوتے ہیں۔

اقوام متحدہ کا کینیا سے ارشد شریف کی ’پراسرار موت‘ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ

ٹی 20 ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ، فیورٹ انگلینڈ کو آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست

بطور برطانوی وزیر اعظم مسائل حل کروں گا، معاشی بحران سے نمٹوں گا، رشی سوناک