پاکستان

یورپی ممالک میں پروازوں کی پابندی سے متعلق اجلاس کیلئے سول ایوی ایشن کا وفد برسلز پہنچ گیا

یورپی کمیشن نے 25 اکتوبر کو تکنیکی اجلاس میں مدعو کیا تھا، اجلاس کے بعد 2023 کی پہلی سہ ماہی میں یورپی کمیشن کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، ترجمان

قومی ایئر لائن پی آئی اے کی یورپی ممالک میں پروازوں کی بحالی کے لیے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) کا وفد یورپی ملک بیلجیم کے دارالحکومت برسلز پہنچ گیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ یورپی کمیشن نے وفد کو 25 اکتوبر کو ہونے والے تکنیکی اجلاس میں مدعو کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے پروازوں کی بحالی کے لیے حکام کا یورپ کا دورہ کرنے کا فیصلہ

اجلاس، انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنازیشن (آئی سی اے او) کی جانب سے آڈٹ کے بعد پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اقدمات کے بارے میں تبادلہ خیال کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

آڈٹ کے بعد پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حفاظت اور دیگر مسائل کے حوالے سے کئی اقدامات پر عمل کیا، اجلاس میں ان پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

اجلاس کے بعد 2023 کی پہلی سہ ماہی میں یورپی کمیشن کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، سائٹ کا دورہ، پاکستانی ایئر لائنز کے یورپی ممالک میں پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے لیے ایک شرط تھی۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 5 رکنی وفد میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ریگولیٹری، ڈائریکٹر ائیروردینس، ڈائریکٹر پرسنل اینڈ لائسنسنگ، ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈز اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لیگل شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: یورپی ممالک کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی

واضح رہے کہ سال 2020 پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا ایک طیارہ لاہور سے کراچی آتے ہوئے ایئر پورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے بعد پاکستانی ائیر لائنز سمیت پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن پر یورپی یونین کے ممالک میں پابندی عائد کردی گئی تھی۔

عدلیہ کب آئین و قانون کی خلاف ورزی پر ریاستی اداروں کے خلاف کارروائی کرے گی؟ عمران خان

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اپنے عہدے سے مستعفی

جوڈیشل کمیشن کی جسٹس اطہرمن اللہ اور 2 جونیئر ججز کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی سفارش