کھیل

ٹی 20 ورلڈ کپ:سری لنکا نے آئرلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

آئر لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 128 رنز بنائے، سری لنکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 30 گیندیں قبل ہی 129 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں سری لنکا نے آئرلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دےدی۔

سری لنکا اور آئرلینڈ کا مقابلہ آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں ہوا جہاں آئرش کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

آئرلینڈ کی جانب سے اوپنر پال اسٹرلنگ نے 34 رنز بنائے۔

مڈل آرڈر بلے باز ہیری ٹیکٹر 42 گیندوں پر 45 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ کوئی کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔

اس طرح سے آئر لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 128 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 129 کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں سری لنکن بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

سری لنکن اوپنر کوشل مینڈس نے 43 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 68 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ان کے علاوہ چیرتھ آسالنکا 22 گیندوں پر 31 بناکر ناٹ آؤٹ رہے، سری لنکا کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی دہاننجھیا ڈی سلوا تھے جو 25 گیندوں پر 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس طرح سے سری لنکا نے 129 رنز کا ہدف ایک وکٹ کھو کر 30 گیندیں قبل 15 اوور میں ہی حاصل کرلیا۔

میچ میں آئرلینڈ کی قیادت اینڈی بلبرنی جب کہ سری لنکا کی ٹیم کے کپتان ڈاسن شناکا تھے۔

سری لنکا کی جانب سے وانندو ہاسارنگا ڈی سلوا اور مہیش تھیک شانا نے 2،2 ائرش بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ بائینورا فرنینڈو، لاہیرو کمارا، چمیکا کرونا رتنے اور دھنن جیا دی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے آج کھیلے جا رہے دوسرے میچ میں پاکستان کا روایتی حریف بھارت کے ساتھ بڑا مقابلہ آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں شیڈول ہے۔

گزشتہ روز کھیلے گئے 12 مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے سیم کیوران کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت افغانستان کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ سپر 12 مرحلے کے پہلے میچ میں نیوزلینڈ نے ڈیون کونوے اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی بدولت میزبان اور دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو 89 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں ایف بی آر کا کلیدی کردار

ٹی 20 ورلڈ کپ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی

بچے کی پیدائش کے وقت احمد علی بٹ ’لیبر روم‘ میں بے ہوش ہوگئے تھے، اہلیہ