دنیا

امریکا: شمالی کیرولینا میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک، نابالغ ملزم گرفتار

فائرنگ سے 2 افراد زخمی بھی ہوئے، ریاستی دارالحکومت رالی میں کیے گئے سرچ آپریشن میں نابالغ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس ترجمان

امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے دارالحکومت رالی میں آف ڈیوٹی پولیس افسر سمیت 5 افراد کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ 5 افراد کی ہلاکتوں کے بعد شہر میں کیے گئے بڑے سرچ آپریشن کے نتیجے میں ایک نابالغ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ اس دوران شہر کے علاقوں کو کئی گھنٹوں تک بند رکھا گیا۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے ایک پولیس افسر کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا جب کہ اور ایک شخص تشویشناک حالت میں تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: کیلیفورنیا میں فائرنگ سے 6 افراد ہلاک

واقعے کے فوری بعد متعدد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کو تلاش کرنے کے لیے کیے گئے سرچ آپریشن میں حصہ لیا، اس دوران پورے پورے علاقے کرائم سین کا منظر پیش کرنے لگے جہاں ریسکیو اینڈ ریلیف فراہم کرنے والے کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، جب کہ شہریوں سے کہا گیا کہ وہ محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔

فائرنگ شہر سے گزرنے والی نیوس ریور گرین وے پر یا اس کے قریب ہوئی، تقریباً تین گھنٹے بعد پولیس نے بتایا کہ اس نے مشتبہ شخص کو ایک گھر میں گھیرے میں لے لیا ہے۔

بعد ازاں اطلاع دی گئی کہ مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، زیر حراست شخص کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ نابالغ سفید فام لڑکا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا میں ایک شخص کی مختلف مقامات پر فائرنگ سے 5 افراد ہلاک

میئر میری این بالڈون نے امریکا میں گن کا استعمال کرتے ہوئے تشدد کے تازہ ترین واقعے کی مذمت کی جب کہ شمالی کیرولینا کے گورنر رائے کوپر نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ہماری دہلیز تک پہنچ گئی۔

گورنر رائے کوپر نے رات گئے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ رالی میں ہونے والا واقعہ ہر کمیونٹی کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہے، انہوں نے کہا کہ یہ تشدد کا ناقابل فہم، خوفناک اور اشتعال انگیز عمل ہے جس کا ارتکاب کیا گیا ہے۔

میڈیا نے رپوٹ کیا کہ حملہ آور نے فائرنگ کے لیے لانگ گن کا استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد کی ہلاکت پر سکھ برادری سراپا احتجاج

پولیس نے اس بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی کہ فائرنگ کا سلسلہ کس طرح اور کیوں شروع ہوا اور نہ ہی یہ بتایا کہ کس طرح سے مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا۔

صحافیوں کو دی گئی بریفنگ کے دوران دیگر افراد کی طرح میئر میری این بالڈون بھی دکھی، غمزدہ اور خفا نظر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مزید اقدامات کرنے چاہئیں، ہمیں امریکا میں اس بیوقوفانہ تشدد کو روکنا چاہیے، ہمیں گن کا استعمال کرکے کیے جانے والے تشدد کے مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔

شادی کے 14 سال بعد اداکارہ ثنا اور شوہر کی راہیں جدا

پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

آئی ایم ایف حکومت پاکستان کی پالیسیوں کا معترف، تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی