پاکستان

اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کے فیلوز کا دو روزہ دورہ پاکستان

وفد کے شرکا کو پاکستان کے خلائی پروگرام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اس کی افادیت سے آگاہ کیا جائے گیا، دفترخارجہ

اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کے فیلوز کا وفد 8 تا 10 اکتوبر تک پاکستان کے بین الاقوامی مطالعاتی دورے پر اسلام آباد میں موجود ہے جہاں ان کو مختلف شعبوں پر بریفنگ دی گئی۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے امور تخفیف اسلحہ کے زیر اہتمام بین الاقوامی مطالعاتی دورے کے حصے کے طور پر پاکستان کا دورہ کرنے والے فیلوز کے گروپ میں ہنگری، ایران، لیبیا، پاکستان، پولینڈ، امریکا، ازبکستان، ویت نام اور یمن سمیت 24 ممالک کے افسران شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: بڑی طاقتوں میں مخاصمت سے اسلحے کی دوڑ کا خدشہ ہے، پاکستان

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بین الاقوامی وفد کے اس دورے کا باضابطہ آغاز وزارت خارجہ کے دورے سے ہوا جہاں انہیں اسلحہ کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور جوہری عدم پھیلاؤ کے بارے میں پاکستان کے نکتہ نظر کے ساتھ ساتھ سماجی اور اقتصادی بہتری کے لیے پرامن استعمال کے لیے ٹیکنالوجیز تک بلا روک ٹوک رسائی کی ضرورت پر بریفنگ دی گئی۔

بیان کے مطابق دورے کے موقع پر فیلوز صحت عامہ، صنعت، زراعت، فوڈ سیکیورٹی، پاور جنریشن وغیرہ کے شعبے میں جوہری اور خلائی ٹیکنالوجیز کے استعمال کا مشاہدہ کرنے کے لیے پاکستان سینٹر آف ایکسیلنس آن نیوکلیئر سیکیورٹی، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، سپارکو، ڈیفنس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آرگنائزیشن اور پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کا دورہ بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا عالمی طاقتوں کے جوہری عدم پھیلاؤ کو یقینی بنانے کے عہد کا خیر مقدم

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان سینٹر آف ایکسیلنس آن نیوکلیئر سیکیورٹی اور پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے دورے میں فیلوز کو پاکستان کے نیوکلیئر سیفٹی اور سکیورٹی آرکیٹیکچر، ریگولیٹری میکانزم اور حکومت پاکستان کی جانب سے متعارف کرائے گئے عالمی معیار کے مطابق حفاظتی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی اور انہیں جوہری توانائی کے عالمی ادارے آئی اے ای اے نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا ہے۔

بیان کے مطابق فیلوز مختلف لیبارٹریوں، عالمی سطح پر تسلیم شدہ ریفرنس لائبریریوں اور ڈیفنس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آرگنائزیشن اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ میں جدید ترین سہولیات کا بھی جائزہ لیں گے۔

مزید پڑھیں: عالمی شراکت داری کا وقت آگیا ہے، اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر

بیان کے مطابق سپارکو میں شرکا کو پاکستان کے خلائی پروگرام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اس کی افادیت سے آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ تخفیف اسلحہ پر اقوام متحدہ کے فیلوشپس پروگرام کا آغاز جنرل اسمبلی نے 1978 میں تخفیف اسلحہ کے لیے اپنے پہلے خصوصی اجلاس میں کیا تھا جبکہ یہ پہلی بار ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کے فیلوز کے لیے اس طرح کے بین الاقوامی مطالعاتی دورے کی میزبانی کر رہا ہے۔

‘بابر اعظم اسٹار نہیں رہے’، آفتاب اقبال کا بیان، ٹوئٹر پر شدید ردعمل

مجبوری، زورا زوری، بوری کے بعد اب ٹیسوری

پریانکا چوپڑا کو بھارتی خواتین کے بجائے ایرانی خواتین کی حمایت کرنے پر تنقید کا سامنا