دنیا

امریکی شخص 4 سال تک اپنے ساتھی کی لاش کے ساتھ رہ کر اس کے چیک کیش کرواتا رہا

کیلون اولسن امریکا کی بحریہ سے ریٹائر ہوئے تھے،وہ اپنی ریٹائرمنٹ فنڈز براہ راست نیوی فیڈرل کریڈٹ یونین اکاؤنٹ سے وصول کررہے تھے

امریکی ریاست کیلی فورنیا کا ایک شخص مبینہ طور پر مردہ ساتھی کے ساتھ 4 سال تک ایک ہی روم میں رہ کر اُس کے اکاؤنٹس کے چیک کیش کرواتا رہا۔

امریکی ویب سائٹ ’اے ٹی آئی‘ کے مطابق یہ واقعہ شمالی کیلیفورنیا میں پیش آیا جہاں پولیس نے 57 سالہ ڈیرن پرٹل کے خلاف جعلسازی اور شناخت چھپانے کے جرم میں مقدمہ درج کیا۔

ڈیرن پرٹل اور 64 سالہ کیلون اولسن ایک کمرے میں ساتھ رہتے تھے، جہاں ڈیرن پرٹل پچھلے 4 سال سے اپنے مردہ ساتھی کی لاش کو چھپا کراس کے اکاؤنٹ سے کیش وصول کرتا رہا۔

یہ بھی پڑھیں: کیلیفورنیا میں شرارتی بندر نے کال کر کے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں

کیلون اولسن کے رشتہ داروں نے انٹرویو میں بتایا کہ ڈیرن پرٹل پر الزام ہے کہ اُس نے اپنے ساتھی کیلون اولسن سے خود جعلی چیک منگوائے تھے، انہوں نے کہا کہ ’2018 کے بعد سے ہمارا کیلون اولسن سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔‘

کیلون اولسن کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے کئی بار کیلون سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ہر بار ڈیرن پرٹل نے کیلون کی غیر موجودگی کے بہانے تلاش کرنا شروع کردیے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’اے بی سی نیوز‘ کے مطابق پولیس نے رواں سال اگست میں لاپتا شخص کی تحقیقات شروع کی تھی، ڈیرن پرٹل نے پولیس کو بتایا کہ کیلون اولسن شہر سے باہر ہے، لیکن جب پولیس نے گھر کی تلاشی لی تو بیڈروم کے فرش پر اولسن کی لاش ملی۔

پولیس کا خیال ہے کہ کیلون اولسن کی موت 2018 میں ہی ہوگئی تھی لیکن حکام موت کی اصل وجہ کا تعین کرنے کے لیے سرکاری پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کیلیفورنیا: آسمانی بجلی گرنے کے 11 ہزار واقعات کے بعد آتشزدگی سے تباہی

کیلون اولسن امریکا کی بحریہ سے ریٹائر ہوئے تھے اور اپنے ریٹائرمنٹ فنڈز براہ راست نیوی فیڈرل کریڈٹ یونین اکاؤنٹ سے وصول کر رہے تھے، جولائی 2018 میں ڈیرن پرٹل نے ان کے اکاؤنٹ سے فنڈر اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کے لیے اولسن کے نام سے جعلی چیک بنانا شروع کردیے تھے۔

امریکی ٹی وی کے مطابق ڈسٹرکٹ اٹارنی مائیک رمسی کا کہنا تھا کہ کیلون اولسن کی لاش کی حالت کو دیکھتے ہوئے ماہر انتھروپولوجسٹ اور چیکو میں موجود محکمہ انصاف کے کرائم لیب سے مدد کی درخواست کی ہے۔

مجموعی طور پر ڈیرن پرٹل نے کیلون اولسن کے اکاؤنٹ سے 50 کے قریب چیک اپنے آپ کو بھیجے تھے۔

کیلیفورنیا کے برناپ ایونیو میں کیلون اولسن کے پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ وہ ان تحقیقات سے حیران ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ عام طور پر پُرسکون ہے لیکن اولسن کے گھر میں کوئی اور بھی رہتا تھا اس بات کا علم انہیں بھی نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: کیلیفورنیا میں ہیلوین پارٹی کے دوران فائرنگ، 3 افراد ہلاک

ایک خاتون نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط میں صحافیوں کو بتایا کہ ’پولیس نے مجھ سے پوچھا کہ اگر وہ مجھے اولسن کی تصویر دکھائیں تو کیا میں انہیں پہچان سکوں گی، میں نے جواب دیا نہیں، کیونکہ میں نے کبھی انہیں دیکھا ہی نہیں تھا‘۔

ایک اور پڑوسی میتھو ڈونیلی نے کہا کہ انہوں نے ڈیرن پرٹل کو اپنے کتے کے ساتھ جاتے دیکھا تھا لیکن انہیں یاد نہیں کہ اولسن کو آخری بار کب دیکھا!

پولیس کا کہنا ہے کہ اولسن کی موت میں کسی بھی قسم کی غلطی کا کوئی ثبوت نہیں ملا، لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید تفصیلات معلوم ہوسکیں گی۔

امریکی ٹی وی کے مطابق ڈیرن پرٹل کو فی الحال 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم کے عوض ضمانت دی گئی ہے۔

طالبان کی ایرانی مظاہروں کی حمایت میں احتجاج کرنے والی خواتین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ

ڈالر کی مضبوطی اور طلب میں کمی کے باعث تیل کی قیمت میں کمی

کراچی: سرکاری افسر کے گھر ڈکیتی، ملزمان 55 تولے سونا اور کروڑوں روپے لوٹ کر فرار