کھیل

نسیم شاہ 'وائرل انفیکشن' کے باعث انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹی20 سے باہر

انفیکشن کے باعث نسیم شاہ آج ٹیم میں شامل نہیں، باقی میچز میں ان کی دستیابی کا فیصلہ رپورٹس کے بعد کیا جائے گا، پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ وائرل انفیکشن کے باعث انگلینڈ کے خلاف 7 میچوں پر مشتمل سیریز کے پانچویں ٹی20 انٹرنیشنل سے باہر ہوگئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے کہا کہ قومی ٹیم کے اہم نوعمر فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو انفیکشن کے باعث ہسپتال لے جایا گیا اور وہ بدھ کے روز انگلینڈ کے خلاف ہونے والے پانچویں ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 میچوں پر مشتمل سیریز کے باقی مقابلوں میں 19 سالہ کھلاڑی کی دستیابی کا فیصلہ ان کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کی پاک-بھارت ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کی پیشکش

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ نسیم شاہ کو منگل کی رات وائرل انفیکشن کے باعث ہسپتال لے جایا گیا تھا اور وہ بدھ کے روز ہونے والے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

نسیم شاہ نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کا پہلا میچ کھیلا تھا جس میں انہوں نے اپنے 4 اوورز میں 41 رنز دیے تھے اور کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 7 میچوں پر مشتمل سیریز کے کراچی میں ہونے والے 4 میچوں کے بعد سیریز 2-2 سے برابر ہے جب کہ دوطرفہ سیریز کے باقی تین میچز لاہور میں شیڈول ہیں جن کا آغاز آج سے ہوگا۔

مزید پڑھیں: اللہ کا شکر ہے میں بالکل ٹھیک ہوں، عثمان شنواری

واضح رہے کہ کراچی میں کھیلے گئے چوتھے ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دی تھی، 167 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

انگلینڈ نے ہیری بروکس اور ڈوکیٹ کی شان دار بیٹنگ کے بعد باؤلرز کی نپی تلی کارکردگی کی بدولت پاکستان کو تیسرے ٹی20 میں باآسانی 63 رنز سے شکست دے کر 7 میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

انگلینڈ 17 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ کر رہا ہے۔

دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے بابر اعظم کی ٹی20 کیریئر کی شان دار دوسری سنچری اور محمد رضوان کی نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ کے200 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے آخری اوور کی تیسری گیند میں حاصل کرکے 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 159 رنز کا ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے باآسانی 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ملالہ یوسف زئی کی فلم پروڈکشن کمپنی نے ہولی وڈ فلمیں بنانا شروع کردیں

افسوس ہے مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈالا حالانکہ ہم اس کے ذمہ دار نہیں تھے، وزیر اعظم

بلاول بھٹو نے طالبان کو ' تنہا ' کرنے کے سنگین نتائج سے دنیا کو خبردار کردیا