امریکا کا پاکستان میں غذائی تحفظ کیلئے ایک کروڑ ڈالر امداد کا اعلان
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی پروگرام کے لیے مزید ایک کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ماضی کی طرح پاکستان کی مدد کے لیے موجود ہیں۔
ڈان اخبار میں رپورٹ کے مطابق انٹونی بلنکن نے یہ بات واشنگٹن میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے دوران کہی، ملاقات میں کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن کے ساتھ ’نتیجہ خیز‘ ملاقات
ملاقات میں انٹونی بلنکن نے بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا، انہوں نے کہا کہ ’ہمارے دوستوں نے چین کے حوالے سے بھی بات کی ہے اور دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کا تنقیدی جائزہ لیا‘۔
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے معاشی تعلقات مزید مضبوط ہوسکتے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ دوطرفہ تعلقات مزید گہرے ثابت ہوں گے۔’
بلاول بھٹو سے ملاقات کے دوران انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ ’ہماری ملاقات اس وقت ہورہی ہے جب پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے، پاکستان کے لیے انتہائی مشکل لمحہ ہے، سیلاب کے چیلنج سے فوری نہ نمٹے تو طویل البنیاد اثرات مرتب ہوں گے، ہم دو طرفہ تعلقات کی تعمیر نو کے لیے منتظر ہیں‘۔
مزید پڑھیں: امریکا، افغان معیشت میں مزید لیکویڈیٹی لائے گا، انٹونی بلنکن
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا نے باہمی خطرات اور دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کیا اور افغانستان کے بارے میں مشترکہ اہداف حاصل کیے ہیں۔
یسکریٹری انٹونی بلنکن نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا گہرا رشتہ ہے جو تمام چیلنجز پر قابو پانے کی صلاحیت ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور دیگر ممبران واشنگٹن پہنچے۔
وزیر خارجہ نے امریکی محکمہ خارجہ کے نمائندہ خصوصی برائے تجارتی امور دلاور سید سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا، پاکستان طالبان پر لڑکیوں کو اسکول جانے کی اجازت دینے کیلئے زور دے رہے ہیں، انٹونی بلنکن
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ملاقات میں دلاورسید نے سیلاب کے بعد بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو میں امریکی نجی شعبے کے کردار پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ دلاور سید نے حکومت کے گرین انرجی پلان میں پاکستان کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا اور زیادہ سے زیادہ امریکی سرمایہ کاری کی آمد کی امید ظاہر کی۔
نمائندہ خصوصی برائے تجارتی امور دلاور سید نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونے والے لاکھوں پاکستانیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ امریکا 5 کروڑ 30 لاکھ ڈالر امداد کے ساتھ پاکستان کی مدد کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے میرے حالیہ دورے کے بعد ہم نے پاکستان اور امریکا کے اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
مزید پڑھیں: چین کے مقابلے کیلئے اتحادیوں کے ساتھ گہرے تعلقات چاہتے ہیں، انٹونی بلنکن
خیال رہے کہ امریکا پاکستان کی سب سے بڑی سنگل کنٹری ایکسپورٹ مارکیٹ ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے سب سے بڑے ذرائع میں سے ایک ہے، گزشتہ سال امریکی سرمایہ کاری میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے، سنہ 2021 میں پاک امریکا دوطرفہ تجارت تقریباً 9 ارب ڈالر تک پہنچی تھی۔
واضح رہے کہ امریکی کمپنیاں اور ان کے مقامی ملحقہ اداروں کا شمار پاکستان کے سب سے بڑے انجمن مالکان میں ہوتا ہے، تقریباً 80 امریکی کمپنیاں ایک لاکھ 25ہزار سے زیادہ پاکستانیوں کو براہ راست ملازمت دیتی ہیں جبکہ 10 لاکھ سے زیادہ پاکستانی بالواسطہ طور پر ملازمت کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ سنہ 2021 میں امریکی کمپنیوں نے پاکستان میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے اقدامات کے تحت 57 لاکھ ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی سفیر کی رہائش گاہ پر امریکی کارپوریٹ رہنماؤں، مختلف امریکی کمپنیوں کے نمائندوں اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کے سرکردہ افراد سے بھی ملاقات کی۔
یاد رہے کہ امریکی سیکریٹری خارجہ کے سینئر مشیر ڈیرک شول نے ڈان کو دیے گئے انٹرویو میں تسلیم کیا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے اور وہ نہیں چاہتا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے چین کو چھوڑ دے۔
یہ بھی پڑھیں: ہم نہیں چاہتے پاکستان، امریکا اور چین میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے، امریکی مشیر
دوسری جانب میڈیسن سان فرنٹیئر(ایم ایس ایف) کے وفد سے ملاقات میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں بین الاقوامی این جی او کے کردار کو سراہا۔
یاد رہے کہ ایم ایس ایف ڈاکٹروں کی ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو پوری دنیا کے لوگوں کو طبی خدمات فراہم کرتی ہے۔