دنیا

پیوٹن نے سابق امریکی سیکیورٹی کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن کو روس کی شہریت دے دی

ایڈورڈ اسنوڈن ان 75 غیر ملکی باشندوں میں شامل ہیں جن کو روس کی شہریت سے نوازا گیا ہے، رپورٹ

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے سابق امریکی سیکیورٹی کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن کو روس کی شہریت دے دی۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق روسی رہنماؤں کی طرف سے دسخط کیے گئے معاہدے کے مطابق سابق امریکی سیکیورٹی کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن کو روسی شہریت دی گئی ہے۔

سرکاری ویب سائٹ پر شائع کیے گئے فرمان کے تحت ایڈورڈ اسنوڈن ان 75 غیر ملکیوں میں شامل ہیں جن کو روس کی شہریت سے نوازا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: این ایس اے امریکی ڈرون حملوں میں ملوث ہے: رپورٹ

39 سالہ ایڈورڈ اسنوڈن امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے سابق کنٹریکٹر ہیں جو امریکا میں سرکاری نگرانی کے پروگراموں کی تفصیلات سے متعلق خفیہ دستاویزات لیک کرنے کے بعد امریکا کو مطلوب ہیں اور وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے 2013 سے روس میں مقیم ہیں۔

لیک ہونے والی دستاویزات میں نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کی طرف سے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کی گئی کارروائیوں کا اعتراف کیا گیا تھا جس میں القاعدہ کے خلاف کارروائی کا ذکر بھی کیا گیا تھا۔

قبل ازیں ایڈورڈ اسنوڈن کو روس میں 2020 میں مستقل رہائش فراہم کی گئی تھی اور اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ وہ امریکا کی شہریت ترک کرنے کے بغیر روسی شہریت کے لیے درخواست دینے کا سوچ رہے ہیں۔

اسی سال ایک امریکی عدالت میں ثابت ہوا تھا کہ ایڈورڈ اسنوڈن نے جس پروگرام کو بے نقاب کیا تھا وہ غیر قانونی تھا اور عوامی سطح پر اس پروگرام کا دفاع کرنے والے امریکی انٹیلی جنس سربراہ جھوٹ بول رہے تھے۔

دوسری جانب امریکی حکام برسوں سے اس کوشش میں ہیں کہ ایڈورڈ اسنوڈن کو ملک میں واپس لایا جائے تاکہ وہ جاسوسی کے الزامات پر امریکا میں مجرمانہ کارروائی کا سامنا کرے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر اوبامہ کا این ایس اے میں تبدیلیوں کا فیصلہ

رپورٹ میں بتایا گیا کہ روس کی طرف سے ان کو شہریت دینے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا ہے جب روس کی یوکرین کے خلاف جنگ کی وجہ واشنگٹن اور ماسکو کے درمیان تعلقات شدید بگاڑ کا شکار ہیں۔

ایڈورڈ اسنوڈن کے وکیل اناتولی کچرینا نے روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آر آئی اے نووستی کو بتایا کہ سابق امریکی کنٹریکٹر کی امریکی اہلیہ لنزسے ملز اس وقت ان کے ساتھ روس میں مقیم ہیں اور وہ بھی روسی پاسپورٹ کے لیے درخواست دیں گی۔

ایڈورڈ اسنوڈن اور ان کی اہلیہ لنزسے ملز کے ہاں دسمبر 2020 میں ایک بچے کی پیدائش ہوئی تھی، اور ان کے بچے کو پہلے ہی روسی پاسپورٹ مل چکا ہے۔

واضح رہے کہ روس میں مقیم ایڈورڈ اسنوڈن زیادہ سرگرم نظر نہیں آتے تاہم کبھی کبھار وہ سوشل میڈیا پر روسی حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

انہوں نے 2019 میں کہا تھا کہ اگر انہیں منصفانہ ٹرائل کی ضمانت دی جاتی ہے تو وہ امریکا واپس جانے کو تیار ہیں اور اس وقت انہوں نے روسی شہریت ملنے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے2017 میں کہا تھا کہ ایڈورڈ اسنوڈن نے امریکی خفیہ دستاویزات لیک کیے تھے مگر وہ ’غدار‘ نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: ایبٹ آباد رپورٹ لیک ہونا عوام کی عظیم خدمت ہے: مشاہد حسین سید

روسی صدر نے گزشتہ ہفتے یوکرین میں جاری لڑائی کے لیے فوج کی تعداد میں اضافے کے لیے روسی مردوں کو متحرک کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ایڈورڈ اسنوڈن کو اس میں شامل نہیں کیا جائے گا بشرطیکہ ان کے پاس روسی فوج میں کوئی پیشگی تجربہ نہ ہو۔

کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے خبر رساں اداروں کو بتایا تھا کہ ’ایڈورڈ اسنوڈن کو ان کی درخواست پر روس کی شہریت دی گئی ہے‘۔

واضح رہے کہ ایڈورڈ اسنوڈن جاسوسی کے الزام میں امریکا کو مطلوب ہیں لیکن انہوں نے روس میں پناہ حاصل کررکھی ہے۔

ایڈورڈ اسنوڈن امریکا سے فرار ہونے والے سابق فوجی کنٹریکٹر ہیں اور وہ امریکی تاریخ میں سیکیورٹی راز افشا کرنے کے سب سے بڑے واقعے میں ملوث تھے اور میڈیا کو انہوں نے بتایا تھا کہ کس طرح این ایس اے غیرملکی رہنماؤں اور ممالک کی جاسوسی کے لیے ڈیٹا چھانتی ہے اور ان پر نظر رکھتی ہے۔

ایران: معروف مذہبی رہنما کا حکام سے ’مظاہرین کے مطالبات سننے‘ کا مطالبہ

انفینکس زیرو الٹرا میں 60 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیے جانے کا امکان

17ویں صدی، بکھرتی مغل سلطنت اور نیکولاؤ منوچی (چھٹا حصہ)