جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، 2 سپاہی شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 فوجی جوان شہید ہوگئے جبکہ ایک دہشت گرد بھی مارا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے ضلع اعظم ورسک میں ایک فوجی چوکی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔
مزید بتایا گیا کہ فوجی جوانوں نے فوری اور مؤثرجوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: بارودی مواد پھٹنے سے پاک فوج کے 2 اہلکار شہید
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث رہا۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں ٹانک سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ نائیک رشید اور خیبرپختونخوا کے علاقے لوئر سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ سپاہی رسول بادشاہ نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے مزید ٹھکانوں کی کلیئرنس کے لیے آپریشن جاری ہے۔
خیال رہے کہ 23 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت اور سوات کے علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئیں مختلف کارروائیوں میں 3 دہشت گردی ہلاک ہوگئے تھے اور بارود بھی برآمد کیا گیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پاک فوج کے ساتھ مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ لکی مروت کے علاقے شیخ بدین کی پہاڑیوں میں پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت محسوس کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 3 دہشت گرد ہلاک
یاد رہے کہ 19 ستمبر کو خیبر پختونخوا (کے پی) کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 19 ستمبر کو بین الاقوامی سرحد پار افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے شہری علاقے دواتوئی میں پاکستانی فوجیوں پر فائر کھول دیا تھا
بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور جواب دیا اور باوثوق انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق جوابی فائرنگ سے دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران جعفر آباد سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ سپاہی نذر محمد شہید ہوگئے تھے۔