پاکستان

شمالی وزیرستان: بارودی مواد پھٹنے سے پاک فوج کے 2 اہلکار شہید

شہید ہونے والے اہلکار نائب صوبیدار جاوید اقبال کا تعلق اٹک جبکہ نائیک حسین احمد کا تعلق اوکاڑہ سے ہے، آئی ایس پی آر

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے عیشام میں بارودی مواد پھٹنے سے پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہید ہونے والے اہلکار نائب صوبیدار جاوید اقبال کا تعلق اٹک جبکہ نائیک حسین احمد کا تعلق اوکاڑہ سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے اور تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

واضح رہے کہ اس سے قبل 20 ستمبر کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 19 ستمبر کو افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے شہری علاقے دواتوئی میں پاکستانی فوجیوں پر فائر کھول دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور جواب دیا اور باوثوق انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق جوابی فائرنگ سے دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

قبل ازیں 14 ستمبر کو بھی کرم کے علاقے میں افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ، پاک فوج کے تین جوان شہید

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے پاکستانی فوج پر خرلاچی کے علاقے میں فائرنگ کی، جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کڑک علاقے کے رہائشی 32 سالہ نائیک محمد رحمٰن، جمرود سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ نائیک مویض خان اور مالاکنڈ کے 27 سالہ سپاہی عرفان اللہ نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

گزشتہ مہینے جب عسکریت پسندوں نے خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف حملے تیز کر دیے تو اس میں پاکستان فوج کے ایک سپاہی نے لوئر دیر میں جام شہادت نوش کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان سے دہشت گردوں کی ضلع کرم میں فائرنگ، پاک فوج کے پانچ جوان شہید

اس کے علاوہ اسی دوران بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی جوان بھی شہید ہوگئے تھے۔

صدر مملکت کا جوانوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شمالی وزیرستان میں دیسی ساختہ بم پھٹنے سے نائب صوبیدار جاوید اقبال اور نائیک حسین احمد کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے شہدا کی بلندی درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وطن کی حفاظت میں جام شہادت نوش کرنے والے شہدا قوم کے محسن ہیں۔

شمالی کوریا کا امریکی، جنوبی کوریا کی فوجی مشقوں سے قبل بیلسٹک میزائل کا تجربہ

رضوان نے کہا سرفراز کو کبھی ٹیم میں نہیں آنے دوں گا، سکندر بخت کا دعویٰ

ہم اسٹائل ایوارڈز میں شوبز ستاروں کے جلوے