پاکستان

خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 3 دہشت گرد ہلاک

تینوں دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ اور سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت اور سوات کے علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئیں مختلف کارروائیوں میں 3 دہشت گردی ہلاک ہوگئے اور بارود بھی برآمد کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پاک فوج کے ساتھ مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لکی مروت کے علاقے شیخ بدین کی پہاڑیوں میں پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت محسوس کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا کہ ہلاک دہشت گروں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دونوں دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ اور سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے چارباغ میں ایک ہائی پروفائل دہشت گرد کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔

پاک فوج کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران مقابلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورس کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 20 ستمبر کو خیبر پختونخوا (کے پی) کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: باجوڑ: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 19 ستمبر کو بین الاقوامی سرحد پار افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے شہری علاقے دواتوئی میں پاکستانی فوجیوں پر فائر کھول دیا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور جواب دیا اور باوثوق انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق جوابی فائرنگ سے دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

اس کے علاوہ 11ستمبر کو قبائلی ضلع خیبر کے جمرود کے علاقے سور کمر میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں نے کم از کم تین مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

عالمی رہنما موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی وضع کریں، وزیراعظم کا اقوام متحدہ میں خطاب

علیزے کو 3 ستمبر کو طلاق دی، بچوں کی تحویل کیلئے مقدمہ کردیا، فیروز خان

ٹوئٹر پر پاک فوج کے خلاف مہم کے پیچھے خفیہ بھارتی پروپیگنڈے کا انکشاف