علیزے کو 3 ستمبر کو طلاق دی، بچوں کی تحویل کیلئے مقدمہ کردیا، فیروز خان
پاکستانی اداکار فیروز خان نے علیزے سلطان کو طلاق دینے کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری بیان میں فیروز خان نے کہا کہ ‘ہماری طلاق 3 ستمبر 2022 کو ہوئی جس کے بعد میں نے 19 ستمبر 2022 کو اپنے بچوں سلطان اور فاطمہ کی تحویل اور ملنے کے حقوق کے لیے عدالت میں فیملی لا کیس دائر کیا ہے’۔
مزید پڑھیں: کیا فیروز خان اور ان کی اہلیہ میں اختلافات ختم ہوچکے؟
فیروز خان نے بتایا کہ ‘آج 21 ستمبر 2022 کو عدالت نے دونوں فریقین کو سنا اور مجھے اپنے بچوں سلطان اور فاطمہ کے ساتھ جج کی موجودگی میں آدھے گھنٹے تک وقت گزارنے کی اجازت دی’۔
انہوں نے لکھا کہ ‘اس کے بعد عدالت نے اس معاملے کی سماعت یکم اکتوبر 2022 تک ملتوی کر دی، جس میں ملاقات کے حقوق سے متعلق مزید کارروائی دوبارہ شروع ہوگی، اس کے تحت میں اپنے بچوں سے ملنا جاری رکھ سکتا ہوں’۔
اداکار نے اپنی سابقہ اہلیہ کے حوالے سے لکھا کہ ‘جہاں تک میری سابقہ اہلیہ کا تعلق ہے، انہیں میں اپنی جانب سے مکمل احترام اور تعاون فراہم کروں گا کیونکہ وہ میرے بچوں کی ماں ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘بطور ذمہ دار شہری مجھے عدالت کے انصاف پر پورا بھروسہ ہے، میں اس معاملے پر مزید بات کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں کیونکہ یہ کیس عدالت میں زیر التوا ہے’۔
یہ بھی پڑھیں: علیزے سلطان نے اداکار فیروز خان سے علیحدگی کی تصدیق کردی
قبل ازیں اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ بھی جسمانی اور نفسیاتی تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے اپنے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کر چکی ہیں۔
انسٹاگرام پر جاری بیان میں علیزے سلطان نے کہا کہ ‘ہماری 4 سال کی شادی سراسر افراتفری کا شکار رہی اور اس عرصے میں مسلسل جسمانی اور نفسیاتی تشدد کے علاوہ اپنے شوہر کے ہاتھوں بلیک میلنگ، بے وفائی اور رسوائی بھی برداشت کرنا پڑی، بہت غور و فکر کے بعد میں اس افسوس ناک نتیجے پر پہنچی ہوں کہ میں اپنی پوری زندگی اس ہولناک طریقے سے نہیں گزار سکتی’۔
انہوں نے کہا تھا کہ ‘میرے بچوں کی بہتری اور بھلائی نے اس فیصلے میں اہم کردار ادا کیا ہے، میں نہیں چاہتی کہ میرے بچوں کی پرورش اس گھٹن، غیر صحت مند اور پرتشدد ماحول میں ہو، مجھے ڈر ہے کہ ان کی ذہنی نشوونما اور زندگی کے بارے میں نکتہ نظر اس طرح کے پرتشدد ماحول کے سامنے منفی طور پر متاثر ہوگا’۔
یہ بھی پڑھیں: فیروز خان اور ان کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی کی خبریں
واضح رہے کہ اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان کی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ سے پہلے چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں کہ دونوں کے اختلافات ختم ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل دسمبر 2020 میں سوشل میڈیا پر ایسی خبریں پھیلی تھیں کہ دونوں میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں اور بعدازاں کچھ سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ ان کے درمیان طلاق بھی ہوگئی۔
فیروز خان اور اہلیہ کی جانب سے علیحدگی اور طلاق کی افواہوں پر کوئی واضح بیان نہ دیے جانے کے بعد علیزے سلطان کی انسٹاگرام اسٹوری کا اسکرین شاٹ وائرل ہوا تھا۔
مارچ 2020 میں شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر کے مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی کا اعلان کرنے والے فیروز خان اور ان کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی کی خبریں وائرل ہو رہی تھیں۔
مزید پڑھیں: اداکار فیروز خان شادی کے بندھن میں بندھ گئے
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی دونوں کی علیحدگی کی خبروں میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دونوں میں ذاتی رنجش کے باعث کچھ عرصہ قبل ہی علیحدگی ہوگئی تھی۔
بعدازاں یکم دسمبر 2020 کو بعض سوشل میڈیا پیجز اور یوٹیوب چینلز پر خبریں وائرل ہوئیں کہ اداکار فیروز خان اور ان کی اہلیہ علیزے سلطان کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر چلنے والی بعض خبروں میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ دونوں میں علیحدگی نہیں بلکہ طلاق ہوچکی تھی۔
بعد ازاں فیروز خان نے ان افواہوں پر کھل کر بات کی تھی لیکن اس کے باوجود انہوں نے خاندانی معاملات پر میڈیا کے سامنے واضح طور پر بات کرنے سے گریز کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شادی کی تصاویر شیئر نہ کی جائیں، حمیمہ ملک
فیروز خان نے ایک پروگرام میں ایک سوال پر اہلیہ سے علیحدگی یا ان سے تعلقات کشیدہ ہونے کے معاملے پر بات کرنے سے معذرت کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اپنی نجی زندگی سے متعلق میڈیا پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتے۔
یاد رہے کہ فیروز خان اور علیزے سلطان نے مارچ 2018 میں شادی کی تھی، ان کے دو بچے فاطمہ اور سلطان ہیں۔
فیروز خان نے شادی کے 2 سال بعد مارچ 2020 میں شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا مگر اب وہ دوبارہ اداکاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔