آئی فون 14 پرو میں متعارف ہونے کے ایک ہفتے بعد خامیاں سامنے آگئیں
ایپل نے گزشتہ ہفتے نیا آئی فون متعارف کروایا تھا، جس کے بعد کئی لوگ نئے فون خریدنے کے لیے پُرجوش تھے تاہم چند صارفین کی جانب سے نئے آئی فون کا کیمرہ سسٹم خراب ہونے کی شکایتیں موصول ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
ایپل فون سے متعلق خبریں دینے والی ویب سائٹ’9 ٹو 5 میک‘ کی رپورٹ کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ کئی صارفین کے ساتھ آئی فون 14 پرو کے کیمرے میں مسئلہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آیپل کا آئی فون ایکس آر اور آئی فون 11 کی قیمت میں کمی کا اعلان
موبائل صارفین نے شکایت کی کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام، ٹک ٹاک یا اسنیپ چیٹ کے استعمال کے دوران موبائل سے میکینکل آوازیں آتی ہیں یا اسکرین رُک جاتی ہے، ایسا لگتا ہے کہ آٹو فوکس اور فوکس میں بھی مسائل ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر اور ریڈٹ استعمال کرنے کے دوران ’لائک‘ کے بٹن سے متعلق بھی کئی شکایات رپورٹ ہوئیں، متعدد صارفین نے ان مسائل کی ویڈیو بھی شئیر کی تھی۔
ایک صارف نے شکایت کی کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’اسنیپ چیٹ‘ استعمال کرتے وقت موبائل فون سے آوازیں آرہی تھیں۔
اسی طرح ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک استعمال کرتے ہوئے انہیں کیمرے کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
ایپل کے ترجمان انگاڈجٹ کا کہنا تھا کہ ’نئے آئی فون سے متعلق درپیش مسائل سے ہم بخوبی آگاہ ہیں، ہم اس مسئلے کو اگلے ہفتے جلد حل کرلیں گے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہارڈ ویئر کے بجائے سافٹ ویئر کا مسئلہ ہے۔
مزید پڑھیں: ایپل کی تاریخ کا مہنگا ترین آئی فون 13 پرو میکس
ایپل فون سے متعلق خبریں دینے والی ویب سائٹ نے اس بات کی نشان دہی کی ہے کہ صارفین کو یہ مسائل تب درپیش ہوتے ہیں جب وہ ایپل فون کی ایپ استعمال کرنے کے علاوہ دوسری کمپنیوں کی ایپ یا تھرڈ پارٹی ایپ استعمال کرتے ہیں، دراصل ایسی ایپ آئی فون 14 پرو کے آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن سسٹم میں ٹھیک طرح سے کام نہیں کرسکتی، جس کی وجہ سے موبائل فون سے میکینکل آوازیں آنا شروع ہوجاتی ہیں۔
اسنیپ چیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم صارفین کی شکایات حل کرنے کے لیے ایپل کے ساتھ براہ راست کام کررہے ہیں، آئی فون 14 سافٹ وئیر کے ساتھ کیمرہ چند صارفین کے لیے کام نہیں کرتا‘۔
یہ بھی پڑھیں: آئی فون 8 اور 8 پلس کی اصل لاگت کیا ہے؟
انگاڈجٹ نے ان مسائل پر تبصرہ کرنے کے لیے ٹک ٹاک اور میٹا سے بھی رابطہ کیا۔