دنیا

عمان: بھارتی طیارے میں اڑان بھرنے کی تیاری کے دوران آگ لگ گئی

جب طیارہ ٹیک آف کے لیے رن وے پر تھا تو دوسرے طیارے سے انجن سے دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا گیا مگر کاک پٹ سے کوئی وارننگ نہیں تھی، حکام

عمان کے دارالحکومت مسقط سے اڑان بھرنے کی تیاری کرنے والے ایئر انڈیا کے طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں چند مسافر معمولی زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق عمان کے درالحکومت مسقط کے ہوائی اڈے پر بھارتی شہر کوچی کے لیےاڑان بھرنے کی تیاری کرنے والے مسافر طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی اور عمان ٹی وی پر نشر ہونے والے فوٹیج میں جہاز سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ پر طیارے کو آگ جان بوجھ کر لگائی گئی، ابتدائی تحقیقات

ایئر انڈیا نے اپنے بیان میں کہا کہ 141 مسافروں میں سے چند معمولی جھلس گئے ہیں جبکہ کاک پٹ میں آگ لگنے سے متعلق کوئی وارننگ نہیں تھی تاہم دھواں دوسرے طیارے سے دیکھا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جب طیارہ ٹیک آف کے لیے رن وے پر تھا تو ایک اور طیارے سے یہ دیکھا گیا کہ انجن سے دھواں اٹھ رہا ہے مگر کاک پٹ سے کوئی وارننگ نہیں تھی۔

بھارتی کمپنی نے بیان میں مزید کہا کہ انتہائی احتیاط کے طور پر عملہ رن وے پر رک گیا اور جہاز کے انجن میں آگ بجھانے والے آلات کھول دیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی 'اے ٹی آر' طیارے میں آگ لگنے کی تردید

ایئر انڈیا ایکسپریس نے مزید کہا کہ ریلیف فلائٹ کے ذریعے مسافروں کو کوچی لے جایا جائے گا۔

بھارتی سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل ارن کمار نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ اس واقعے پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ہندوستانی فورس کا طیارہ گر کر تباہ، 10 ہلاک

ارن کمار نے کہا جہاز کے انجن نمبر 2 میں دھویں کی نشاندہی کے بعد تمام مسافروں کو بحفاظت اتارا گیا اور ہم اس معاملے کی تفتیش کریں گے اور اس پر کارروائی بھی کریں گے۔

خیال رہے کہ عمان کی افرادی قوت میں جنوبی ایشیا کے بہت سے لوگ شامل ہیں جیسا کہ وسائل سے مالا مال خلیج کے دیگر ممالک میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں۔

سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے کینیڈا کا اضافی2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان

اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر آصف آفریدی معطل

اختر بلوچ کی یاد میں۔۔۔