پاکستان

امپورٹڈ حکومت، ہینڈلرز 'مائنس ون' فارمولے پر کام کر رہے ہیں، عمران خان

گوجرانوالا میں کل ہماری حقیقی آزادی کی تحریک کے حالیہ مرحلے کا آخری جلسہ ہوگا، چیئرمین پی ٹی آئی

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ امپورٹڈ حکومت اور اس کے سرپرست ’مائنس ون‘ فارمولے پر کام کر رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ گوجرانوالا میں کل ہماری حقیقی آزادی کی تحریک کے حالیہ مرحلےکا آخری اجتماع ہوگا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کل تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے، فواد چوہدری

عمران خان نے کہا کہ اس جلسے میں میں اپنے اہم ترین اگلے مرحلے کا اعلان کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ سرکار اور اس کے سرپرست بوکھلاہٹ کا شکار ہیں کیونکہ یہ حقیقت ہے کہ قوم نہایت ثابت قدمی سے تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے، اسی لیے مایوس کن انداز میں مائنس ون کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

عمران خان کی طرف سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج زیبا چوہدری کے خلاف توہین آمیز الفاظ استمعال کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی میں عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، زیبا چوہدری نے بغاوت کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

حالیہ دنوں اپنے جلسوں میں عمران خان یہ الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ ان کو دیوار سے لگانے کے لیے مواد تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادی مارچ: عمران خان کا نئے انتخابات کی تاریخ کے اعلان تک اسلام آباد کے ڈی چوک میں قیام کا عزم

گزشتہ ہفتے عمران خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری پر خود کو بدعنوانی کے مقدمات سے بچانے کے لیے نومبر میں اپنی مرضی کا آرمی چیف مقرر کرنے کی خواہش کا الزام عائد کیا تھا۔

عمران خان کے اس بیان کے بعد آرمی اور حکومت نے اضطراب کا اظہار کیا تھا۔

حال ہی میں انہوں نے پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت کو گرانے کی سازش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’مسٹر ایکس‘ اور ’مسٹر وائی‘ ان کی پارٹی کے ارکان کو رشوت لینے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: توہین عدالت کیس: عمران خان کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

عمران خان سے قبل سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے بھی ٹوئٹر پر لکھا کہ کل شام 7 بجے پاکستان میں عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اجتماع ہوگا، پوری پارٹی اور قوم اپنے کپتان کے ساتھ کھڑی ہے۔

ادھر سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل گوجرانوالا میں حقیقی آزادی کی تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ ہوگا جس کے بعد اگلے مرحلے کا اہم اعلان کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں اقتدار سے باہر ہونے کے بعد سابق وزیر اعظم نے حکومت گرانے میں اپوزیشن پر امریکی سازش کا حصہ ہونے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد انہوں نے’حقیقی آزادی‘ کے نام سے جلسے شروع کردیے تھے۔

عمران خان کل تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے، فواد چوہدری

شوبز شخصیات کا ملکہ برطانیہ کی وفات پر اظہار افسوس

ایشیا کپ: فائنل سے قبل سری لنکا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سےشکست دے دی