ایم کیو ایم کا کراچی میں اسٹریٹ کرائمز پر سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس کا مطالبہ
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں خطرناک حد تک اضافے اور پولیس کی ناقص حکمت عملی پر عوام کو تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ پولیس کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے ہوا ہے اور تاجروں، صنعت کاروں اور عوام سے اپیل کی کہ اسٹریٹ کرائمز سے بچنے کے لیے اپنی حفاظت خود کرنی ہوگی تاہم ایم کیو ایم کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کیلئے نئی پولیس فورس تشکیل دینے کا اعلان
بہادر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کھلے عام گھوم رہے ہیں، انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، شہر میں امن و امان کی صورت حال ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اب تک 300 سے زائد شہریوں کو مسلح ڈاکوؤں نے مزاحمت پر قتل کردیا ہے، بدقسمتی سے صوبائی اور وفاقی حکمرانوں کا شہر کے امن و امان کی بحالی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے لہٰذا سپریم کورٹ کو فوری ازخود نوٹس لینا چاہیے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے گھر پانی نہیں آرہا لیکن پھر بھی پانی کا بل ادا کر رہے ہیں، کراچی میں بجلی کی قیمت دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ ہے، اس کے باوجود دن اور رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں تیزی، ڈکیتی مزاحمت پر 3 افراد جاں بحق
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں موجود تمام ڈاکٹروں، انجینئروں اور دیگر پیشہ ورانہ افراد سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے اتحاد کی سخت ضرورت ہے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ’میں آج تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ایک نئی جدوجہد شروع کریں‘۔
تاجر کے بیٹے پر پولیس تشدد کی مذمت
ایم کیو ایم پاکستان نے نارتھ ناظم آباد میں نجی ہسپتال کو پانی کی لائن دینے پر مقامی انتظامیہ اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے خلاف احتجاج کرنے والے معصوم شہریوں پر پولیس کے تشدد کی شدید مذمت کی۔
ایم کیو ایم کے سینئر رہنما عامر خان نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کنکشن کے خلاف احتجاج کرنے والے تاجر اور ان کے نوجوان بیٹے کو پولیس نے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: احتجاج میں شرکت پر پولیس کا تاجر، ان کے بیٹے پر وحشیانہ تشدد
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ ہونے والے غیر انسانی سلوک میں ملوث اہلکاروں کو فوری معطل کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
پی ایس پی، ایم ڈبلیو ایم کا اسٹریٹ کرائمز پر اظہار تشویش
پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) اور مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے بھی شہر میں اسٹریٹ کرائمز اور قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پی ایس پی کی رہنما آسیہ اسحٰق کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس تمام صورت حال کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔