سائنس و ٹیکنالوجی

آئی فون 14 کے پیش کیے جانے پر لوگوں کی مزاحیہ ٹوئٹس

ایپل نے رواں برس پیش کیے گئے آئی فونز کی قیمت گزشتہ سال متعارف کرائے گئے آئی فون 13 سے بھی کم رکھی ہے۔

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اب تک کے جدید سیکیورٹی فیچرز سے لیس سستے ترین آئی فونز پیش کردیے۔

ایپل نے جہاں اب تک کے سستے اور بہترین فون متعارف کرادیے، وہیں کمپنی نے نئے واچ اور ایئرپوڈز بھی پیش کردیے۔

کمپنی نے اس بار کیمرا ٹیکنالوجی میں بہت بڑی تبدیلی لاتے ہوئے اسے اپگریڈ کیا ہے جب کہ پہلی بار فون میں ایسے سیکیورٹی فیچرز دیے گئے ہیں جو تاحال کسی اور کمپنی نے نہیں دیے۔

یہ بھی پڑھیں: جدید سیکیورٹی فیچرز کے حامل اب تک کے سستے آئی فونز متعارف

آئی فون میں ایمرجنسی میسیجز اور فون کالز کے سیکیورٹی فیچرز دیے گئے ہیں، یعنی جیسے ہی موبائل کے مالک کے ساتھ کوئی حادثہ ہوگا تو موبائل از خود ایمرجنسی فون یا میسیج کے ذریعے امدادی اداروں کو مطلع کرے گا اور ساتھ ہی صارف کے قریبی رشتے داروں اور دوستوں کو بھی حادثے سے متعلق آگاہ کرے گا۔

علاوہ ازیں فون میں سیٹ لائٹ کی مدد کے ذریعے کال یا پیغامات بھیجنے کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے، یعنی جہاں موبائل نیٹ ورک کام نہیں کرے گا، وہیں آئی فون مختلف سیٹ لائٹس کی مدد سے کال کرنے یا پیغام بھیجنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

آئی فونز کو متعارف کرائے جانے پر لوگوں نے ٹوئٹر پر مزاحیہ ٹوئٹس کیں اور اس پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔

جہاں بعض لوگوں نے آئی فون 14 کو گزشتہ سال پیش کیے جانے والے آئی فون 13 جیسا ہی قرار دیا، وہیں بعض لوگوں نے اس کی قیمت اور ڈیزائن سمیت دیگر فیچرز پر بھی مزاحیہ ٹوئٹس کیں۔

کچھ صارفین نے یہ شکوہ بھی کیا کہ آئی فون 14 پر بات کی جا رہی ہے مگر کوئی یو ایس بی ٹائپ سی سے متعلق کوئی سوال نہیں کر رہا۔

اگرچہ ایپل نے اس بار فون کی قیمت گزشتہ سال پیش کیے گئے آئی فون 13 سے بھی کم رکھی ہے، تاہم اس باوجود بعض لوگ فون کی قیمت پر بھی مذاق کرتے دکھائی دیے، اس بار آئی فون 14 کی ابتدائی قیمت 800 ڈالر رکھی گئی ہے۔

بعض صارفین نے لکھا کہ یہاں ایپل نے آئی فون 14 پیش کردیا ہے، جس پر کچھ لوگ اب انفراد کی طرف دیکھ رہے ہیں جو ابھی تک اینڈرائڈ فون استعمال کر رہے ہیں۔

کچھ افراد نے لکھا کہ گزشتہ چار سال سے ایپل ایک طرح کے ہی فون پیش کر رہا ہے، جس پر لوگ پریشان بھی ہیں۔

جہاں لوگوں نے آئی فون 14 کو کمپنی کے پرانے فونز جیسا قرار دیا، وہیں بعض افراد نے اس کی قیمت کا بھی رونا رویا۔

انٹربینک میں روپے کی قدر میں مزید 2 روپے کی کمی

مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست، لاہور ہائیکورٹ کے جج نے سماعت سے معذرت کرلی

توہین عدالت کیس: عمران خان کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ