ضعیف افراد کی آسودگی کے لیے بچوں کی بھرتی کا منفرد پروگرام
جاپان میں اولڈ کیئر ہوم میں رہائش پذیر ضعیف افراد کو آسودگی وخوشی فراہم کرنے کے لیے بچوں کو ملازمت پر بھرتی کرنے کا منفرد پروگرام شروع کردیا گیا۔
خبر رساں ادارے ‘ایجنسی فرانس پریس’ (اے ایف پی) کے مطابق جاپان کے جنوبی اور تیسرے بڑے صوبے کیوشو کے شہر کیتاکیوشو کے اولڈ ایج ہوم کیئر نے بچوں کی ملازمت کے لیے اشتہار دیا۔
نرسنگ ہوم کی جانب سے اشتہار دیے جانے کے فوری بعد قریبی علاقوں کے کم از کم 30 بچوں کے والدین نے ملازمت کے لیے درخواستیں بھی جمع کروادیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اولڈ ایج ہاؤس میں 100 کے قریب ضعیف افراد مقیم ہیں، جن کی دیکھ بھال وہاں کی خواتین و مرد نرسز کرتی ہیں مگر انہیں زیادہ خوشی فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ نے بچوں کی بھرتی کا فیصلہ کیا۔
اولڈ ایج ہاؤس نے بچوں کی ملازمت کا منفرد اشتہار دیا اور کہا کہ بچے کسی وقت بھی ملازمت پر آنے اور جانے کے لیے آزاد ہوں گے اور انہیں کھانے، پینے، نہانے، سونے اور واپس گھر جانے کی ہر وقت اجازت ہوگی۔
ملازمت کی شرائط کے مطابق بچوں پر کسی طرح کی کوئی پابندی نہیں ہوگی بس وہ کچھ وقت کے لیے اولڈ ایج ہوم میں موجود بزرگ افراد کے ساتھ وقت گزاریں گے، تاکہ ضعیف لوگ خوش ہوسکیں۔
ملازمت کی شرائط کے مطابق بچوں کے والدین کو اولڈ ایج ہاؤس کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کرنے ہوں گے اور بچوں کو ملازمت کے بدلے، پیمپرز، فارمولا دودھ اور اسی طرح کی دیگر اشیا فراہم کی جائیں گی۔ملازمت کی شرائط میں ملازمت کا دورانیہ یا وقت بھی نہیں بتایا گیا، تاہم بچوں کی عمر کے حوالے سے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ وہ بہت ہی کم عمر یعنی ڈیڑھ یا دو سال سے کم عمر نہ ہوں۔
ملازمت کے لیے بچوں کی جنس کی بھی کوئی شرط نہیں رکھی گئی اور واضح کیا گیا کہ بچوں کو ملازمت پر رکھنے کا مقصد بزرگ افراد کو خوشی فراہم کرنا ہے۔
خیال رہے کہ جاپان جیسے ممالک میں ضعیف اور زائد العمر افراد کی تعداد نوجوانوں سے زیادہ ہے اور وہاں پر بچوں کی شرح پیدائش بھی کم ہے۔
جاپان میں ضعیف افراد کی دیکھ بھال کے لیے اولڈ ہاوٌسز بنے ہوئے ہیں اور وہیں ان سے رشتے دار ملنے آتے ہیں، تاہم زیادہ تر ضعیف افراد کے پوتے یا پوتیاں نہیں ہوتیں، اس لیے وہ خوش زندگی گزارنے سے قاصر ہوتے ہیں، جس لیے اولڈ ہاؤس نے بچوں کو ملازمت پر رکھنے کا اشتہار دیا۔