شادی کی عمر نہیں ہوئی، ابھی بچی ہوں، انمول بلوچ
ماڈل و اداکارہ انمول بلوچ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والدین کے پاس ان کی شادی کے لیے بہت رشتے آتے ہیں اور وہ ہر بار شادی کے لیے منع کردیتی ہیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں ساجد حسن کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر، اہل خانہ اور شادی سے متعلق منصوبوں پر بھی کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں پہلی بار محسن مرزا نے اداکاری میں چانس دیا اور یہ کہ وہ اپنی خوبصورتی نہیں بلکہ ٹیلنٹ کی وجہ سے مشہور ہوئیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ 6 بہن اور بھائیوں میں سے پانچویں نمبر پر ہیں، ان سے ایک چھوٹے بھائی ہیں، باقی سب سے ان سے بڑے ہیں۔
انمول بلوچ کے مطابق ان کے ایک بھائی لندن میں پڑھتے ہیں جب کہ والدین کو وہ نہیں بلکہ بڑے بہن و بھائی پیارے ہیں، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ والدہ کو بہت پیاری ہیں۔
اداکارہ کے مطابق ان کے خاندان میں کسی کا تعلق شوبز انڈسٹری سے نہیں ہے اور نہ ہی کسی کو اداکاری کا شوق تھا اور ان کے والد کچھ عرصہ قبل ہی امریکی سفارت خانے کی ملازمت سے ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کا والدین کا تعلق شمالی سندھ کے ضلع کشمور سے ہے اور وہاں ان کا اپنا گاؤں ہے، جہاں ان کے دیگر رشتے دار رہتے ہیں۔
شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ابھی وہ بچی ہیں، وہ شادی نہیں کریں گی۔
اسی دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی شادی کے لیے بہت رشتے آتے ہیں جو کہ تمام کے تمام گاؤں سے آتے ہیں اور زیادہ تر ان کے کزنز ان کے ہاں رشتہ بھیجتے ہیں، جنہیں وہ مسترد کرتی رہتی ہیں۔
انمول بلوچ کے مطابق وہ شادی کرکے دوبارہ گاؤں نہیں جانا چاہتیں، اس لیے کزنز کے رشتوں کو منع کردیتی ہیں۔
ماڈل و اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ شادی کے لیے کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتیں، ان کی شادی ابھی بھی ہوسکتی ہے، اس میں دو سال بھی لگ سکتے ہیں اور اس میں 10 سال کا عرصہ بھی لگ سکتا ہے۔
انمول بلوچ نے کہا کہ ایسی بات نہیں کہ انہیں مرد پسند نہیں، مرد بھی اچھے انسان ہوتے ہیں اور ان کے خیال میں 60 فیصد مرد حضرات اچھے ہوتے ہیں۔