سیاسی ڈرامے کے بجائے سیلاب متاثرین کی امداد کو ترجیح دیں، بلاول بھٹو
وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم پر زور دیا ہے کہ ہر دن سیاسی ڈرامے کے بجائے ملک بھر میں سیلاب سے متاثر ہونے والے لوگوں کی مدد کو ترجیح دیں کیونکہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بارشوں کا تباہ کن موسم ابھی ختم نہیں ہوا۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ سیلاب متاثرین کے لیے قائم کیمپوں کا دورہ کرتے ہوئے قمبر شہداد کوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے گزارش کی کہ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو امدادی سامان بھیجیں کیونکہ مون سون کا یہ مرحلہ سندھ بھر میں ایک مہینے سے جاری ہے، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی امریکی ہم منصب سے رواں ہفتے ملاقات متوقع
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرین کو امداد دی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بارشوں میں جو لوگ زخمی ہوئے ہیں، ان کو صوبائی حکومت معاوضہ دے گی اور سیلاب متاثرین کی مدد صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کی سول انتظامیہ کے پاس ضرورت کے مقابلے میں وسائل محدود ہیں، طلب اور رسد میں بہت بڑا خلا ہے اور ہمارے پاس ضرورت کے مطابق خیمے بھی دستیاب نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محدود وسائل ہونے کے باوجود بھی ہمیں اس صورت حال سے نمٹنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بطور وزیر خارجہ بلاول پہلے دورۂ امریکا میں اچھا تاثر قائم کرنے میں کامیاب
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے فوج سے مدد کی اپیل کی ہے اور وزیر اعلیٰ نیوی سے بھی لوگوں کی مدد کے لیے سول انتظامیہ سے تعاون کی درخواست کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے صوبے بھر کے 23 اضلاع کو ’آفت زدہ' قرار دے دیا ہے۔
شدید بارشوں کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو خبردار کیا تھا، شیری رحمٰن
ادھر وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ اس وقت لاکھوں سیلاب زدگان ریلیف کے منتظر ہیں، جنوبی پنجاب کے لوگ صوبائی حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں، لیکن افسوس ہے کہ پنجاب حکومت کی تمام تر توجہ شہباز گل اور عمران خان کی طرف ہے۔
مزید پڑھین: بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں پانی چھوڑنے پر سیلاب کی وارننگ جاری
ان کا کہنا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ شہباز گل کی گرفتاری نہیں بلکہ سیلاب اور اس سے متاثر لاکھوں لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے مون سون کی شدید بارشوں کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو خبردار کیا تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں سیلاب زدگان کی مدد اور تعاون کے لیے تمام وسائل بروکار لانے ہوں گے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے تمام صوبوں کو مزید وسائل کی ضرورت ہے۔