پاکستان

وزیراعظم کا بجلی کے زائد بلوں کے حوالے سے عوامی شکایات پر نوٹس

متعلقہ حکام عوامی شکایات پر ترجیحی بنیادوں پر تفصیلی رپورٹ اور سفارشات مرتب کرکے پیش کریں، شہباز شریف کی ہدایت

وزیرِاعظم شہباز شریف نے بجلی کے زائد بلوں کے حوالے سے عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

پیر کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے متعلقہ حکام کو بجلی کے بِلوں کے حوالے سے عوامی شکایات پر ترجیحی بنیادوں پر تفصیلی رپورٹ اور سفارشات مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کی شکایات کے ازالے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، خادم پاکستان عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنے عوام کو جوابدہ ہے، میں اپنے عوام سے ہمیشہ سچ بولنے کے عہد پر قائم ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: نیپرا نے بجلی 4 روپے 83 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی منظوری دے دی

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر، معاونِ خصوصی احد چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ملک کے کئی حصوں میں گھریلو اور صنعتی صارفین نے بجلی کے زائد بلوں کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کیا، جس کے بعد یہ پیش رفت سامنے آئی۔

گزشتہ ہفتے، پنجاب کے متعدد دیہاتوں کے کسانوں نے موٹرویز گھنٹوں کے لیے بلاک کر دی تھی اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے خلاف نعرے لگائے تھے۔

مظاہرین بجلی کے بل تھامے ہوئے تھے، ان کا مطالبہ تھا کہ حکومت بجلی کے استعمال شدہ یونٹس کے مطابق بل جاری کرے۔

گزشتہ مہینے نیشنل الیکٹرک پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کو جون میں زیادہ پیداواری لاگت کی وجہ سے 155 ارب روپے اضافی وصول کرنے کی اجازت دی تھی۔

مزید پڑھیں: بجلی صارفین سے 155 ارب روپے اضافی وصول کرنے کی تیاری

نیپرا نے فیول کاسٹ ایڈجسمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں کے-الیکٹرک کو 11 روپے 37 پیسے فی یونٹ جبکہ سابق واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کو 9 روپے 89 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کرنے کی اجازت دی تھی۔

خیال رہے کہ اگست کے مہینے میں تمام صارفین سے بجلی کی زیادہ قیمت وصول کی جائے گی، ماسوائے ان صارفین کے جو ماہانہ 50 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں۔

قبل ازیں، حکومت نے ملک بھر میں بجلی کے اوسط بنیادی ٹیرف میں تین مرحلوں میں 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ اضافے کا اعلان کیا تھا، جس کا نفاذ جولائی سے کر دیا گیا، ملک بھر میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بنیادی ٹیرف میں 1.55 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔

25 جولائی کو ڈان کے اداریے میں خبردار کیا گیا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔

اس میں بتایا گیا کہ بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ غیر معمولی اضافے سے جولائی میں بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف 16 روپے 91 پیسے سے بڑھ کر 24 روپے 82 پیسے ہو جائے گا، جو متعدد غیر مقبول فیصلوں میں سے ایک ہے، جس میں پیٹرولیم مصنوعات پر غیر پائیدار سبسڈی ختم کرنا اور بجٹ میں بڑے پیمانے پر ٹیکسوں کا نفاذ بھی شامل ہے، حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور دیگر کثیر الجہتی اور دو طرفہ قرض دہندگان سے ڈالر حاصل کرنے کے لیے یہ اقدامات کیے ہیں۔

شیخ تمیم کی دعوت پر وزیر اعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر کل قطر روانہ ہوں گے

کینسر کے نئے طریقہ علاج کے حوصلہ کن نتائج

سندھ میں بارشوں کے بعد سیلاب، 13 لاکھ افراد متاثر، 5 لاکھ بے گھر