دنیا

عراق: کربلا میں لینڈ سلائیڈنگ سے مزار منہدم، 4 افراد جاں بحق

نمی کی وجہ سے لینڈسلائیڈنگ ہوئی جو مزار کی چھت سے ٹکرا کر اس کے منہدم ہونے کا سبب بنی، سول ڈیفنس سروس

عراق کی وزارت صحت کے مطابق عراق کے وسط میں واقع صوبے کربلا میں موجود مزار لینڈ سلائیڈنگ کے باعث منہدم ہونے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد امدادی کارکنوں نے ملبے تلے دبے 6 افراد کو نکال کر ان کی جان بچائی۔

یہ بھی پڑھیں: عراق میں مٹی کے طوفان سے ہزاروں افراد شدید متاثر، ایک شخص ہلاک

ان کا کہنا تھا کہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کی صورت میں امدادی آپریشن جاری رہے گا۔

مغربی صحرا پر واقع قطارت الامام علی کا مزار کربلا شہر سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

سول ڈیفنس سروس نے ایک بیان میں کہا کہ ابتدائی معلومات سے پتا چلتا ہے کہ نمی کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جو مزار کی چھت سے ٹکرا کر منہدم ہونے کا سبب بنی۔

اس سے قبل ایک اور واقعے میں تین بچوں کو بچایا لیا گیا تھا جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

سرکاری نیوز ایجنسی ’آئی این اے‘ نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں فلڈ لائٹس میں کام کرتے ہوئے ملبے تلے دبے لوگوں کو سوراخوں سے آکسیجن اور کھانے پینے کی اشیا فراہم کر رہی ہیں۔

عراقی صدر برہم صالح نے ٹوئٹر پر امدادی کارکنوں سے کہا کہ وہ پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کے لیے کوشش جاری رکھیں۔

زبانی رابطہ

ایمرجنسی امداد فراہم کرنے والوں نے ملبے تلے پھنسے ہوئے افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے ان سے زبانی رابطہ پرقرار رکھا ہوا ہے۔

سول ڈیفنس میڈیا ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر عبدالرحمٰن جودات نے کہا کہ ہم پھنسے ہوئے لوگوں تک پہنچنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ’نیٹ زیرو‘ کیوں ضروری ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ ’کوئی بھی غلطی مزید تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔’

جائے وقوع پر موجود ایک شخص باسم خزالی نے بتایا کہ ملبے تلے دبے افراد میں ان کا بھتیجا بھی شامل ہے۔

باسم خزالی نے کہا کہ مجھے ڈر ہے کہ ریسکیو اہلکاروں کی کوششیں رائیگاں جائیں گی، ہم جاننا چاہتے ہیں کہ کیا ہوا، کیوں ہوا؟

شاکر نے زمین کی نمی کو واقعے کی وجہ بناتے ہوئے کہا کہ مزار کی عمارت پر ریت کے ٹیلے اور چٹانیں گر گئی تھیں۔

پنجاب حکومت کا پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات ختم کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ: پی ٹی آئی کی خاتون مقامی رہنما نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق

برطانیہ میں بدترین مہنگائی، تنخواہوں میں اضافے کیلئے پورٹ ملازمین نے بھی ہڑتال کردی