پاکستان

کراچی کو بلدیاتی انتخابات سے دور کرنے کی سازش ہورہی ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

یہ شہر اپنی آواز بلند کر رہا ہے، آج کے جلسے میں انسانوں کا سمندر ہے، کراچی بدل رہا ہے، امیر جماعت اسلامی کراچی

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی کو بلدیاتی انتخاب سے دور کرنے کی سازش ہو رہی ہے، کراچی کو ضمنی نہیں سب سے پہلے بلدیاتی الیکشن یا پھر قومی انتخابات کی ضرورت ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی میں 'حق دو کراچی مارچ' سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر جماعت کے الیکٹرک کو سپورٹ کرتی ہے، کے الیکٹرک مافیا اس وقت بھی اوور بلنگ کررہا ہے، فیول ایڈجسمنٹ کے نام پر ڈاکے ڈال رہا ہے، ہم اس مافیا کو ختم کریں گے، اس لیے ہم کراچی کے حقوق کی تحریک چلا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کے حق کے لیے نکلے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس وقت جو تباہی ہے اور کراچی پانی پانی کو ترس رہا ہے، 17 برس گز گئے، کے فور کا منصوبہ 17 سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ سب کے وزیر اعلیٰ اور گورنر اور میئر بھی آئے، یہاں سے مینڈیٹ لینے والا کراچی کے لیے ایک بوند پانی کا اضافہ نہیں کرسکا، کے تھری کا منصوبہ نعمت اللہ خان نے بنایا تھا، کے فور کا منصوبہ بھی جماعت اسلامی کا میئر بنائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شہر میں ٹینکر مافیا کا راج ہے، پانی کی منصفانہ تقسیم ہو تو پھر بھی کچھ گزارا ہو جائے، نلکوں میں پانی نہیں آتا، ٹینکروں میں پانی آتا ہے، پیپلز پارٹی کے وزیر بلدیات اور ایڈمنسٹریٹر کراچی سے پوچھتا ہوں کہ یہ کونسا طریقہ ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کہتے ہیں کہ 174 ملین گیلن پانی کی لیکیج ہے، وزیراعلیٰ صاحب یہ لیکیج نہیں کرپشن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نئے بلدیاتی قانون کےخلاف جماعت اسلامی کی سندھ ہائیکورٹ میں درخواست

ان کا کہنا تھا کہ ٹینکر مافیا کو الوداع کہنے کا وقت آ رہا ہے، جماعت اسلامی کی تحریک آگے بڑھ رہی ہے، یہ شہر اپنی آواز بلند کر رہا ہے، آج کے جلسے میں انسانوں کو سمندر ہے، کراچی بدل رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ جو لوگ کراچی کو اس کے حق سے محروم کرنے کے لیے بلیک میلر کا کردار ادا کررہے ہیں، ارباب اختیاران کی بلیک میلنگ میں آرہے ہیں اور کراچی کو انتخاب سے دور کرنا چاہتے ہیں، بلدیاتی انتخاب سے دور کرنے کی سازش کررہے ہیں۔

'اپنا حق لیں گے'

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ دے دیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہوں گے، پھر بھی تم بھاگو گے، کہاں تک بھاگو گے، ہم ایک دن کے لیے بھی اپنی تحریک کو ختم نہیں کریں گے، تم بھاگو گے ہم تمہارے پیچھے بھاگیں گے، اپنا حق لیں گے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے لاہور، ملتان، راولپنڈی میں میٹرو بنتی ہے ہمیں خوشی ہوتی ہے، گیارہ مہینے میں لاہور میں میٹرو بنانے والے شہباز شریف اور نواز شریف کراچی میں دو سال میں بھی گرین لائن نہیں بنا سکے تھے، اسی طرح پی ٹی آئی بھی ساڑھے تین سال میں نہیں بنا سکی، ادھوری گرین لائن کا افتتاح کر دیا۔

'کراچی کا مسئلہ صرف جماعت اسلامی کا میئر حل کرسکتا ہے'

انہوں نے کہا کہ کراچی کو ضمنی نہیں سب سے پہلے بلدیاتی الیکشن یا پھر قومی انتخابات کی ضرورت ہے، اور ہم ان انتخابات میں تمہیں شکست دیں گے، کراچی کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی کا مسئلہ صرف جماعت اسلامی کا میئر حل کرسکتا ہے۔

روسی قوم پرست نظریہ ساز کی بیٹی مشتبہ کار بم دھماکے میں ہلاک

سیلاب سے تباہی: سندھ بھر کو آفت زدہ قرار دینا ہوگا، وزیر اعلیٰ

بھارت: بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ، کم از کم 50 افراد ہلاک