دنیا

روسی قوم پرست نظریہ ساز کی بیٹی مشتبہ کار بم دھماکے میں ہلاک

ڈاریا ڈوگینا جس ٹویوٹا لینڈ کروزر میں سفر کر رہی تھی اس میں نصب مشتبہ دھماکا خیز مواد پھٹ گیا، تفتیش کار

یوکرین کے روس میں انضمام کی وکال کرنے والے انتہائی قوم پرست نظریہ ساز کی بیٹی ماسکو کے باہر مشتبہ کار بم دھماکے میں ہلاک ہوگئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ماسکو ریجن کے تفتیش کاروں نے کہا کہ معروف نظریہ ساز الیگزینڈر ڈوگِن کی بیٹی ڈاریا ڈوگینا جس ٹویوٹا لینڈ کروزر میں سفر کر رہی تھی اس میں نصب مشتبہ دھماکا خیز مواد پھٹ گیا جس سے وہ ہلاک ہوگئی۔

روس کی سرکاری نیوز ایجنسی 'طاس' نے ڈوگینا کے واقف کار اینڈرے کرانسوف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گاڑی ڈوگینا کے والد کی تھی اور شاید وہی ہدف تھے۔

مزید پڑھیں: یوکرین کا روس پر 'چوری شدہ اناج' جہاز کے ذریعے شام لے جانے کا الزام

روسی سرکاری اخبار 'روسی کایا گزیٹا' نے رپورٹ میں کہا کہ باپ اور بیٹی نے ماسکو کے باہر ایک میلے میں شرکت کی تھی اور الیگزینڈر ڈوگن نے آخری لمحات میں کاریں بدلنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹی وی فوٹیج میں دھماکے کے مقام پر سرکاری تفتیش کاروں کو اس جگہ سے ملبے اور ٹکڑوں کو جمع کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

تفتیش کاروں نے ڈاریا ڈوگینا کو صحافی اور سیاسی ماہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قتل کا مقدمہ درج کیا ہے اور درحقیقت وہاں کیا ہوا تھا اس کا تعین کرنے کے لیے فرانزک معائنہ کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اثاثے ضبط کیے گئے تو امریکا سے تمام تعلقات ختم کردیں گے، روس کا انتباہ

ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام پہلوؤں پر غور کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جائے کہ اس جرم کا ذمہ دار کون ہے۔

روسی نظریہ ساز الیگزینڈر ڈوگن کافی عرصے سے روسی زبان بولنے والوں اور دیگر قریبی خطوں کو متحد کرکے نئی وسیع روسی سلطنت میں شامل کرنے کی وکالت کرتے آئے ہیں۔

وہ چاہتے ہیں کہ روسی سلطنت میں یوکرین کو بھی شامل کیا جائے جہاں روسی فوج یوکرین کو غیر مسلح کرنے کا بہانہ بناکر فروری سے 'خصوصی فوجی آپریشن' کر رہی ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر امریکی پابندیوں کی فہرست میں شامل الیگزینڈر ڈوگن کا اثر و رسوخ قیاس آرائیوں کا مرکز رہا ہے، روس کے کچھ مبصرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ان کا کافی اثر و رسوخ ہے جبکہ دیگر مبصرین اس اثر و رسوخ کو کچھ خاص نہیں سمجھتے۔

مزید پڑھیں: روس-یوکرین جنگ کے نتائج پر امریکا نے پاکستان کو خبردار کردیا

پلاٹونووا کے نام سے مشہور ڈاریا ڈوگینا جس کی روسی ریاستی میڈیا نے عمر 30 سال بتائی، بڑے پیمانے پر اپنے والد کے خیالات کی حمایت کرتی تھیں اور یوکرین میں روس کے فوجی اقدامات کی حمایت کرنے کے لیے سرکاری ٹی وی پر آتی تھیں۔

مارچ میں ایک بیان میں امریکی محکمہ خزانہ نے کہا تھا کہ یونائیٹڈ ورلڈ انٹرنیشنل ویب سائٹ کی چیف ایڈیٹر ڈاریا ڈوگینا کو پابندیوں کی فہرست میں ڈال دیا گیا ہے، ویب سائٹ نے کہا تھا کہ اگر یوکرین کو نیٹو کے فوجی اتحاد میں شامل کیا گیا تو وہ 'تباہ' ہوجائے گا۔

بھارت: بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ، کم از کم 50 افراد ہلاک

حرا مانی کے انگریزی بولنے کا انداز ’برٹش ایشین‘ کا نیا ورژن قرار

عینی آپا کی نوبیل انعام سے محرومی: سازش یا مداخلت؟