پاکستان

متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانیوں کے لیے درست ویزا اور 5 ہزار درہم ہونا لازمی

متحدہ عرب امارات کے امیگریشن حکام نے متعدد وجوہات کی بنا پر تقریباً 80 پاکستانیوں کا داخلہ روک دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات سے 80 پاکستانیوں کو ڈمی ریٹرن ٹکٹس اور دیگر وجوہات کی بنا پر ڈی پورٹ کیے جانے کے بعد دبئی میں پاکستانی قونصلیٹ نے اسلام آباد کو مطلع کیا ہے کہ دبئی جانے والے پاکستانیوں کے پاس درست ویزا، 5 ہزار درہم اور واپسی کا ٹکٹ ہونا لازمی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کو لکھے گئے خط میں قونصل خانے نے بتایا کہ ان مسافروں کو مختلف وجوہات کی بنا پر بےدخل کیا گیا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ وہ متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانی مسافروں کو مناسب ورک ویزا حاصل کرنے کو ترجیح دیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کو متحدہ عرب امارات کا سفر کرتے وقت ویزا کے ساتھ واپسی کے درست ٹکٹ اور 5 ہزار درہم اپنے ساتھ رکھنا لازمی ہے، دبئی ایئرپورٹ پر ایک مسافر کی جانب سے استفسار کے بعد قونصلیٹ کے عملے نے ایئرپورٹ کا دورہ کیا جس سے معلوم ہوا کہ متحدہ عرب امارات کے امیگریشن حکام نے متعدد وجوہات کی بنا پر تقریباً 80 پاکستانیوں کا داخلہ روک دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کیلئے ویزا پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ

ملک بدر کیے گئے شہریوں میں سے 40 مسافروں کو اسی پرواز سے پاکستان واپس بھیج دیا گیا جس سے وہ دبئی گئے تھے، جبکہ باقی مسافر مختلف پروازوں سے پاکستان واپس آئے۔

متحدہ عرب امارات میں امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو ورک ویزے کے بجائے وزٹ ویزے، جعلی واپسی ٹکٹ اور متحدہ عرب امارات میں رہنے کے لیے ناکافی اماراتی نقدی کی وجہ سے ملک بدر کیا گیا۔

ڈی پورٹ کیے گئے بیشتر افراد نے مبینہ طور پر متحدہ عرب امارات کے امیگریشن حکام کو بتایا کہ وہ وزٹ ویزے پر ملازمت کے لیے امارات آئے تھے۔

مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات کا 6 سال بعد ایران میں سفیر بھیجنے پر غور

پاکستانی مشن نے متحدہ عرب امارات کے امیگریشن حکام سے درخواست کی تھی کہ وہ پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز کو متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت دیں جن کے پاس درست ویزا ہے، لیکن بتایا گیا کہ مذکورہ وجوہات کی بنا پر ان مسافروں کے داخلے سے انکار کردیا گیا تھا۔

متحدہ عرب امارات کے حکام نے کہا کہ ان سب کے پاس درست ٹکٹ کے ساتھ کم از کم 5 ہزار درہم نقد رقم ہونا لازمی ہے۔

سی پیک اتھارٹی نے قیام کے بعد منصوبے میں ایک ڈالر بھی نہیں لگایا، احسن اقبال

اسرائیل نے فلسطین میں انسانی حقوق کی 7 تنظیموں کے دفاتر سیل کر دیے

متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کیلئے ویزا پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ