بلوچستان: پنجگور میں ڈپٹی کمشنر کی رہائش گاہ پر حملہ
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دہشت گردوں کے ڈپٹی کمشنر کی رہائش گاہ پر حملے میں کم از کم ایک اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پنجگور میں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق سلولی کی سرکاری رہائش گاہ پر نامعلوم افراد نے گھر پر دستی بم پھینکا جس سے لیویز کا ایک اہلکار زخمی اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
مزید پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی جنوبی وزیرستان میں کارروائی، 10 دہشت گرد ہلاک
حکام کا کہنا ہے کہ دستی بم ڈپٹی کمشنر ہاؤس کے عقبی حصے میں پھٹا، دھماکے کے نتیجے میں لیویز آپریٹر صغیر احمد زخمی اور ایک بلٹ پروف گاڑی سمیت چار گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
خوش قسمتی سے ڈپٹی کمشنر سلسولی اور گھر میں موجود دیگر افراد محفوظ رہے، دھماکے کے فوراً بعد لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمی آپریٹر کو ہسپتال منتقل کیا۔
ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دستی بم حملے میں ملوث موٹر سائیکل سواروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان میں مختلف واقعات میں پاک فوج کے جوان شہید اور دو زخمی ہو گئے۔
اتوار کو ایک بیان میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ دہشت گردوں نے ضلع ہرنائی کے علاقے خوست میں ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس میں شدید فائرنگ کے نتیجے میں دو فوجی شہید اور ایک افسر زخمی ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: نوشکی اور پنجگور میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک
بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنانے کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کا قریبی پہاڑوں میں تعاقب کیا گیا، فرار ہونے والے دہشت گردوں کو گھیرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں دہشت گرد اور گشت کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس جھڑپ میں نائیک عاطف اور سپاہی قیوم نے جام شہادت نوش کیا جبکہ میجر عمر زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
اے پی پی کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے چیک پوسٹ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے والے نائیک عاطف اور سپاہی قیوم کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: خضدار میں قومی پرچم کے اسٹال پر دستی بم حملہ، ایک شخص ہلاک
انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ شہدا کے درجات کو جنت الفردوس میں بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے، انہوں نے میجر عمر کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔