کوئٹہ میں رات گئے دستی بم حملہ، ایک شخص ہلاک، 14 زخمی
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں رات گئے سڑک کے کنارے قومی پرچم فروخت کرنے والے اسٹالوں کو نشانہ بنانے والے دستی بم حملے میں ایک شخص ہلاک اور دو بچوں سمیت 14 دیگر زخمی ہو گئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دھماکا جمعرات کی رات رئیسانی روڈ کے قریب جوائنٹ روڈ چوک پر ہوا۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ: فاطمہ جناح روڈ پر دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 3 افراد جاں بحق
پولیس نے بتایا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے 14 اگست کو یوم آزادی کے سلسلے میں قومی پرچم اور دیگر سجاوٹ کی اشیا فروخت کرنے والے اسٹالوں پر دستی بم پھینکا، دستی بم اسٹال کے قریب پھٹ گیا جس سے ایک شخص ہلاک اور 14 دیگر زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے، پولیس اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاش اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
کوئٹہ کے سول ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے ڈان کو بتایا کہ ایک لاش اور 14 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: قندھاری بازار میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق
دستی بم حملے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت سورت خان کے نام سے ہوئی ہے، ایس پی سٹی شوکت جنجوعہ نے بتایا کہ جب دھماکا ہوا تو مسٹر خان قومی پرچم خرید رہے تھے جبکہ زخمیوں میں زیادہ تر اسٹال پر اشیا بیچنے والے شامل ہیں۔