پاکستان

طاقتور شخص کو پیغام ہے ہم طاقتور کا رعب تسلیم نہیں کرتے، مولانا فضل الرحمٰن

عمران خان کو اقتدار سے نکالنا کافی نہیں ہے، ان کے نام و نشان اور قدموں کے نشانات کو بھی مٹانا ہے، سربراہ پی ڈی ایم

جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ جتنا طاقتور سے طاقتور شخص کسی بھی ادارے میں ہے، ان کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم نے کسی طاقتور کے رعب کو تسلیم نہیں کیا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا پشاور میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے آبائی تہذیبی سلسلے کو ختم کر دیا گیا ہے، بزرگوں سے نوجوانوں کا تعلق ختم کر دیا گیا ہے، ماں، باپ، برزگوں کی عزت ختم ہو جائے، اور کہا جائے کہ ہماری مرضی، یہ اپنی مرضی والی مخلوق نے معاشرے کو تباہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پتہ چلا کہ کس کے خلاف سازش ہوئی ہے، عمران خان کہتا ہے کہ بیرونی سازش کے تحت مجھے اقتدار سے نکالا گیا، آپ کو بین الاقوامی طاقت کے ذریعے نہیں نکالا گیا، بین الاقوامی طاقت کے تحت آپ کو لایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بین الاقوامی منصوبے کے تحت پاکستان کو دیوالیہ پن کی طرف دھکیلا گیا، مولانا فضل الرحمٰن

انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ہم تہماری اصلیت کو جانتے ہیں، تمہارے پیچھے کون سی قوتیں کارفرما ہیں، افسوس اس بات کا ہے کہ میرے ملک کی اشرافیہ جن کا تعلق کسی بھی ادارے سے ہو، ان کے گھروں کے اندر اس کو سپورٹ ملی ہے، وہ بین الاقوامی نیٹ ورک کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔

'اس کو اقتدار سے نکالنا کافی نہیں، نام و نشان بھی مٹانا ہے'

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہم نے معمولی جنگ نہیں لڑی، اس کو اقتدار سے نکالنا کافی نہیں ہے، ان کے نام و نشان اور قدموں کے نشانات کو بھی مٹانا ہے لہٰذا ہتھیار نہیں ڈالنے بلکہ میدان جنگ میں رہنا ہے، سیاسی اور آئینی جنگ لڑنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں علمائے کرام سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ اگر کوئی طاقت ہمارے نوجوانوں کے اخلاق کو تباہ کرتی ہے، اپنے بزرگوں سے نسبت کو ختم کرتی ہے تو سب سے پہلا فرض علما کا بنتا ہے کہ وہ گلی، گلی، کوچے، کوچے، مسجد، مسجد اور مدراس میں جا کر قوم کو اسلام کی راہ بتائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کو یہ خیال ہے کہ میرے پاس بھی مولوی ہیں تو اس طرح کے مولوی حضرت فرنگی کے ساتھ بھی ہوتے تھے، ان سے مرعوب نہ ہونا، یہ ہمارے علمائے کرام کی چھٹی انگلی ہے جسے ہم نے کاٹ کر پھینک دیا ہے۔

مزید پڑھیں: ادارے طاقتور ہونے کا احساس نہ دلائیں، حکومت مدت پوری کرے گی، مولانا فضل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ عدلیہ ایک ادارہ ہے، عدلیہ کسی بھی ریاست کے لیے ناگزیر ادارہ ہوا کرتا ہے، اور اس کا احترام، عزت اور توقیر کو اپنا فرض سمجھتے ہیں، لیکن اگر ایک شخص اپنی ذات میں جج کے عہدے پر فائز ہو کر اپنے رویے سے متنازع بن جاتا ہے اور وہ اپنے اوپر فرض کر لیتا ہے کہ میں نے ایک فریق کو تحفظ دینا ہے، اور اس کے لیے میں نے عدلیہ کو استعمال کرنا ہے، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ اس کے بڑے دوررس نتائج ہوا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ فوری نتائج کو نہ دیکھا کریں، آپ نے فوری طور پر ایک فریق کو ریلیف مہیا کر دی لیکن دوررس نتائج یہ ہوتے ہیں کہ اسی سے ریاستیں ٹوٹ جاتی ہیں، کیا یہاں پر منظم طریقے سے ادارے کے اندر بیٹھے لوگوں نے جنہیں میں ذاتی طور پر بھی جانتا ہوں، نے ہمارے خلاف جھوٹے کیسزز نہیں بنائے یا بنانے کی کوشش نہیں کی؟

'دامن پر کالا داغ لگانے کی کوشش کی تو فائل تہمارے منہ پر ماریں گے'

جے یو آئی کے امیر کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف کوئی فائل آئے گی تو ہمیں اپنے کردار کا پتہ ہے، ہمیں اپنے دامن کا پتہ ہے کہ وہ کتنا اجلا اور صاف ہے، اگر تم نے بدنیتی کے ساتھ ہمارے دامن پر کالا داغ لگانے کی کوشش کی تو فائل ہم تہمارے منہ پر مار دیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جن کے اباو اجداد کی پوری تاریخ غلامی سے بھری ہوئی ہے وہ لوگ آج نئی نسل کو آزادی کا درس دے رہے ہیں، اس کو پتہ ہے کہ آزادی کس چیز کو کہتے ہیں، آپ برطانیہ جائیں اور ایک پاکستانی نژاد مسلمان کے مقابلے میں کنزرویٹو فرینڈز آف اسرائیل کے امیدوار کے لیے ووٹ مانگیں، تب بھی آپ آزادی کی بات کریں گے۔

'تمہارے پاس اسرائیل سے پیسہ آیا ہے'

ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں تمہارے پاس اسرائیل سے پیسہ آیا ہے، تمہارے پاس بھارت سے پیسہ آیا ہے جبکہ تمہارے گھر کا کرایہ 9 سال تک امریکی سفارت خانہ دیتا رہا ہے، پھر بھی تم آزادی کی بات کرتے ہو۔

یہ بھی پڑھیں: 'فتنہ عمرانیہ' کے خاتمے تک اس کے خلاف لڑنا ہے، مولانا فضل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جس کی کابینہ کے سارے مشیر، کچھ وزیر اور ان کے گورنر یورپ کے شہری ہوں، وہ ہمیں آزادی کا درس دیتا ہے، ہم جانتے ہیں کہ آزادی کس کو کہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ آزادی کے لیے تیرے آقاؤں کے ساتھ میرے اکابرین نے 100 سال سے زیادہ کا جہاد لڑا ہے، آزادی کا درس میرے پاس ہے، غلامی کا درس تیرے پاس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے میرے ابا و اجداد کا کردار بھی معلوم ہے اور تیرے ابا و اجداد کا بھی، تمہیں اپنے ابا و اجداد کا کردار مبارک ہو، مجھے اپنے ابا و اجداد کا کردار مبارک، ہمارے کردار پر انگلیاں اٹھاؤ گے، ہمیں معاشرے میں ذلیل کرنے کی کوشش کرو گے اور پھر توقع رکھو گے کہ ہم تمہاری خوشامد کریں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جتنا طاقت ور سے طاقت ور شخص کسی بھی ادارے میں ہے، ان کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم نے کسی طاقتور کے رعب کو تسلیم نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحاد میں تمام جماعتیں کیوں اکٹھا ہیں، جن میں مذہبی، روشن خیال، ملکی سیاست کرنے والے اور قوم پرست سب شامل ہیں، یہ لوگ اس لیے اکھٹے ہوئے ہیں کہ ملک کو بچانا چاہتے ہیں، ان کو پتہ ہے کہ ایک ملک دشمن عنصر پاکستان میں بیرونی فنڈنگ کے ذریعے داخل ہوچکا ہے، اور وہ ملک کو کھوکھلا کر رہا ہے، اداروں کے لوگ بھی اس سے وابستہ ہیں جب تک وہ ادارے کے اندر موجود ہیں تب تک ان کا پتہ نہیں چلتا، جب وہ اپنا لباس اتارتے ہیں، پھر ہمیں پتہ چلتا ہے کہ اسلام آباد پریس کلب کے سامنے کون لوگ اکٹھے ہوگئے ہیں، کن کے گھروں میں آنٹیاں رو رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: چیف ایگزیکٹو نے ایف آئی اے افسران کو تبدیل کیا، سپریم کورٹ نے سوموٹو کیوں لیا ؟ فضل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پوری قوم سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ اب جو ضمنی انتخابات آئیں گے اس میں ایک پارٹی کی طرح لڑیں گے، کوئی فرق نہیں کرے، ملک ہے تو ہم سب ہیں، آج ہم نے نظریاتی طور پر ملک کو بچانا ہے، اس کے جغرافیے کو بچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نے کہا تھا کہ پاکستان تین ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا، ملک کا آئین ہے اس کا معنی نہیں ہے، اگر یہ تہذیب چل رہی ہے، اگر یہ نظریہ فروغ پا رہا ہے تو پھر ہم پاکستان کی نظریاتی شناخت ختم کر دیں گے، ہمیں پاکستان کی نظریاتی شناخت کو زندہ رکھنا ہے، آئین کو زندہ رکھنا ہے، آئین کو زندہ رکھیں گے تو ادارے زندہ رہیں گے، اگر ادارے آئین کو نہیں مانتے تو پھر کیا کریں گے۔

جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آئین بلدیاتی اداروں کی بات کرتا ہے لیکن خیبرپختونخوا میں جب وہ شکست کھا گئے اور مجموعی طور پر حکومتی جماعت اقلیت میں ہے تو قانون بنایا جا رہا ہے کہ ان کو کوئی اختیار نہیں لوگوں کی خدمت کرنے کا، ان کے سارے فنڈ بند کردو۔

انہوں نے کہا کہ ہاتھ جوڑ کر درخواستیں دے کر، عدالتوں سے منت سماجت کرکے آپ یہ حق حاصل نہیں کرسکیں گے، آپ عوام کے نمائندے ہیں، عوام کو لے کر نکلیں اور گریبان میں ہاتھ ڈالیں کہ اختیارات سلب کرنے والے یہ کون ہوتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہم نے پگڑیاں اس لیے نہیں پہنیں کہ سر جھکا کر چلنا ہے، ہم نے پگڑیاں سر اٹھا کر چلنے کے لیے پہنی ہیں۔

الیکشن کمشنر کی حکومتی وفد سے ملاقات، ریفرنس بھیج کر برخاست کرنے کیلئے 'فٹ' کیس ہے، فواد چوہدری

اسپین اور برازیل میں منکی پاکس سے پہلی اموات، کیسز 18 ہزار ہوگئے

عمران خان فنانشل ٹائمز پر مقدمہ کرکے خود کو ایماندار ثابت کریں، محمد زبیر