پاکستان

’عمران خان کو مبینہ دھمکی‘، عمر ایوب نے ایمل ولی خان کے خلاف درخواست دیدی

سازش میں ملوث افراد کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے اور ایمل ولی خان کو گرفتار کیا جائے، درخواست

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب خان نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ایمل ولی خان کے خلاف پارٹی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو مبینہ طور پر جان لیوا دھمکیاں دینے کے الزام میں ایف آئی آر درج کروانے کی درخواست جمع کروا دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری عمر ایوب خان کی جانب سے یہ درخواست سیکریٹریٹ پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی ہے، تاہم پولیس نے کہا کہ درخواست پر رائے کے لیے قانونی برانچ کو خط بھیج دیا گیا ہے۔

درخواست کے مطابق ایمل ولی خان نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس ملک کو اگر محفوظ بنانا ہے تو عمران خان کو ٹھکانے لگانا ہوگا‘۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے بیان سے ان کی جان کو خطرہ ہے: ترجمان تحریکِ انصاف

شکایت کنندہ نے کہا کہ ایمل ولی خان نے یہ دعویٰ موجودہ حکومت کے اہم عہدے پر فائز لوگوں کی موجودگی میں کیا، ان کے پاس ایمل ولی خان کے بیان کی ویڈیو کلپ بھی موجود ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ عامر کیانی اور صبغت اللہ ورک ایمل ولی خان کے اس بیان کے گواہ ہیں، اس سے قبل انٹیلی جنس ایجنسیوں اور اداروں نے عمران خان کو بھیجے گئے مختلف خطوط میں متنبہ کیا تھا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سازش میں ملوث افراد کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے اور ایمل ولی خان کو گرفتار کیا جائے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کو قتل کرنے کی سپاری دی گئی ہے، فیاض الحسن چوہان کا دعویٰ

اسلام آباد پولیس کے پی آر او نے تصدیق کی کہ پولیس کو درخواست موصول ہوچکی ہے اور اسے سیکریٹریٹ تھانے کی روزانہ کی ڈائری میں درج کر لیا گیا ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ یہ ایک سیاسی بیان ہے اور ایسے بیانات پر مقدمات درج نہیں ہوتے، یہ بیان قابل سزا جرم نہیں ہے تاہم درخواست کے مواد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پر پولیس کی پراسیکیوشن برانچ سے قانونی رائے طلب کرنے کے لیے خط بھیج دیا گیا ہے۔

نئے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے انتخاب آج ہوگا

نیپالی کوہ پیماؤں کا کم ترین وقت میں 'کے ٹو' سر کرنے کا عالمی ریکارڈ

قطر، متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں اور سیلاب سے تباہی